
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے جوہری پروگرام سے لاحق خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو اختلافات ختم کرکے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی دعوت دے دی، تاہم آئزنکوٹ نے اس پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانے کا عزم دہرایا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ جمعرات کو گادی آئزنکوٹ سے ان کی ملاقات ہوئی۔ دونوں کئی برس سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ ان کے بقول، اس ملاقات کے بعد ان کا یہ یقین مزید پختہ ہوا ہے کہ اسرائیل کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد کی حکومت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ حکومت میں ان تمام جماعتوں کو شامل ہونا چاہیے جو اسرائیل کے یہودی ریاست ہونے کی حمایت کرتی ہیں اور ملک کو درپیش بڑے اور پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکومت ایک بار پھر اپنا جوہری پروگرام بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ان کے بقول ایرانی حکومت نے اپنے ہی ہزاروں شہریوں کو قتل کرنے سے گریز نہیں کیا، اس لیے وہ اسرائیل کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گی۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ایران یورینیم کی افزودگی دوبارہ شروع کرنے اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری تیز کرنے میں کامیاب ہوگیا تو اسرائیل کو ایک وجودی خطرے کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس خطرے کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنا ہوگا، جیسا کہ ان کے بقول اسرائیل نے ’ام کلیوی‘ اور ’شعاغات ہعاری‘ فوجی کارروائیوں کے دوران کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک محدود حکومت یا ایسی حکومت جو دہشت گردی کے حامیوں پر انحصار کرے، اس بڑے مقصد کو حاصل نہیں کرسکتی، تاہم قومی اتحاد کی حکومت بروقت اس خطرے کا مقابلہ کرکے کئی برس تک اسرائیل کی سلامتی یقینی بنا سکتی ہے۔
نیتن یاہو نے گادی آئزنکوٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے اور تمام اختلافات اور سیاسی بائیکاٹ ایک طرف رکھ کر اسرائیل کی سلامتی اور مستقبل کے لیے اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوج میں بھرتی کے معاملے پر بھی حریدی یہودی برادری کے نمائندوں کے ساتھ مل کر حل نکالا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق قومی اتحاد کی حکومت اسرائیلی عوام کی قومی مفاہمت اور باہمی اختلافات ختم کرنے کی خواہش بھی پوری کرے گی۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ایران سے لاحق خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے والی قومی اتحاد کی حکومت خطے میں امن کے دائرے کو بھی نمایاں طور پر وسیع کرسکتی ہے۔
دوسری جانب گادی آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کی پیش کش کو ’’ایک اور سیاسی چال‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو اتحاد کی بات کرتے ہیں، لیکن پارلیمنٹ میں قومی تقریب کو متنازع بناتے اور سیاسی تقسیم کو ہوا دیتے ہیں۔ آئزنکوٹ نے کہا کہ یہ حربے نہ انہیں متاثر کرسکتے ہیں اور نہ اسرائیلی عوام کو۔
’ٹائم آف اسرائیل‘ کے مطابق آئزنکوٹ کی جماعت یشار کے ذرائع نے چینل 12 کو بتایا کہ جمعرات کی سیکیورٹی بریفنگ سے ان کے اس مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی کہ نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے اور اسرائیل کی سیکیورٹی پر اپوزیشن بلاک کی نگرانی فوری ضرورت ہے۔
آئزنکوٹ کے مطابق لیکوڈ اور یشار کی مذاکراتی ٹیموں کی ملاقات پہلے ہی اگلے روز کے لیے طے ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نئی حکومت کی تشکیل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اسرائیلی عوام اور ارکان پارلیمنٹ کی واضح اکثریت ان کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیکوڈ پارٹی ان کی قیادت میں کسی ہنگامی حکومت میں شامل ہوسکتی ہے، لیکن اس کے لیے ان کے طے کردہ اصولوں کو تسلیم کرنا اور انتہا پسند جماعتوں سے علیحدگی اختیار کرنا ہوگی۔ ان کا اشارہ بظاہر قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کی جماعت اوتزما یہودیت کی جانب تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والے انتخابات کے بعد نیتن یاہو کے اتحاد کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل نہیں رہی تھی۔ صدر اسحاق ہرزوگ نے گزشتہ ہفتے آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کا مینڈیٹ دیا تھا۔
آئزنکوٹ کا کہنا ہے کہ وہ ایسی حکومت کے لیے تیار ہیں جس میں ان کے طے کردہ اصولوں کو تسلیم کرنے والی جماعتیں شامل ہوں، تاہم نیتن یاہو اس حکومت کا حصہ نہیں ہوسکتے۔