
برطانیہ کے شہر لندن کے علاقے ہیمرسمتھ میں ’سنگھز ڈائننگ‘ کے باہر فلسطین کے حامیوں نے بھارتی نژاد سکھ ریسٹورنٹ مالک ہرمن سنگھ کپور کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین ان کے غزہ سے متعلق سوشل میڈیا بیانات اور حلال کھانے کے بارے میں متنازع مؤقف پر برہم تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کی رات سیکڑوں مظاہرین ہیمرسمتھ میں واقع ریسٹورنٹ ’سنگھز ڈائننگ‘ کے باہر جمع ہوئے اور ریسٹورنٹ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے میں مسلمان، سکھ اور دیگر کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ کے مالک ہرمن سنگھ کپور کے سوشل میڈیا بیانات میں مسلمانوں، حلال گوشت اور فلسطین کے حوالے سے توہین آمیز اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی گئی، جس پر انہیں شدید اعتراض ہے۔
اس احتجاج کی ایک بڑی وجہ ستمبر کے آخر میں سامنے آنے والی ہرمن سنگھ کپور کی ایک ویڈیو بھی تھی، جس میں انہوں نے غزہ میں ایک عمارت کے اب تک موجود ہونے پر سوال اٹھایا تھا۔ ویڈیو میں ان کے سامنے موجود فضائی تصویر میں ایک عمارت کو سرخ دائرے سے نمایاں کیا گیا تھا، جس کی شناخت القادسیہ گرلز اسکول کے طور پر کی گئی۔
کپور نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ عمارت اسرائیلی فوجی اڈے کے طور پر استعمال ہورہی ہے اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج سے سوال کیا تھا کہ غزہ میں یہ عمارت اب تک کیوں کھڑی ہے۔ ان کے اس بیان پر فلسطین کے حامی سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور اسے غزہ میں تباہی اور انسانی مصائب کا مذاق اڑانے کے مترادف قرار دیا۔
اس کے علاوہ ہرمن سنگھ کپور کی جانب سے اپنے ریسٹورنٹ میں حلال گوشت فروخت نہ کرنے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر دیے گئے بیانات پر بھی تنقید کی جاتی رہی ہے۔ وہ اپنے ریسٹورنٹ کو غیر حلال کھانا پیش کرنے والے ادارے کے طور پر متعارف کراتے ہیں۔
اکتوبر میں کپور نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے اپنے ریسٹورنٹ کو بند ہونے سے بچانے کے لیے عوام سے مدد کی اپیل بھی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ منفی آن لائن ریویوز، ویب سائٹ میں خرابی، واجب الادا کرایے اور مالک مکان کی جانب سے قانونی کارروائی کی دھمکی کے باعث کاروبار شدید مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ گوگل پر جعلی ایک اسٹار ریویوز شائع کیے جارہے ہیں جب کہ حقیقی صارفین کے پانچ اسٹار ریویوز قبول نہیں کیے جارہے تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے ریسٹورنٹ کے باہر نعرے لگائے اور مالک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بعض مظاہرین نے ہرمن کپور کے سکھ شناخت اور مذہبی اقدار سے متعلق طرز عمل پر بھی اعتراضات اٹھائے۔
احتجاج کے دوران پولیس اہلکار بھی موقع پر موجود رہے اور صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے مظاہرین سے بات چیت کرتے رہے۔ دستیاب ویڈیو رپورٹ کے مطابق کسی تشدد یا املاک کو نقصان پہنچانے کا واقعہ سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ ہرمن سنگھ کپور اس سے قبل ہیمرسمتھ میں ’رنگریز‘ نامی ریسٹورنٹ بھی چلاتے تھے، جو فروری 2026 میں تقریباً 16 سال بعد بند ہوگیا تھا۔ کپور نے اس وقت کاروباری مشکلات، بڑھتے اخراجات اور آن لائن ہراسانی کو ریسٹورنٹ کی بندش کی وجوہات قرار دیا تھا۔