اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج سے اسلام آباد میں ہوگا


اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کو اجلاس کے موقع پر برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ تاہم افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی صدارت میں علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی، علاقائی شراکت داری، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جائے گا، ای سی او کو علاقائی تعاون، مکالمے اور اقتصادی اشتراک کے موثر پلیٹ فارم کے طور پر فعال بنانے پر توجہ ہوگی.
پاکستان کو علاقائی رابطوں کا مرکز اور تجارتی و لاجسٹک سپلائی چینز کا اہم محور بنانے کی کوشش کی جائے گی، علاقائی تجارت کے فروغ اور خطے کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ای سی او رکن ممالک کے عوام کی زندگیوں میں علاقائی تعاون کے ثمرات پہنچانا پاکستان کی سربراہی کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles