ایرانی دھمکیوں کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ ملٹری بیس منتقل

امریکی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ حالیہ دنوں میں ایرانی دھمکیوں کے بعد اپنا گھر چھوڑ کر ایک فوجی اڈے پر منتقل ہو گئے۔

ایران کی جانب سے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایک فوجی اڈے پر منتقل کردیا گیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کرنے والے بیسنٹ کی منتقلی نے امریکی انتظامیہ میں سیکیورٹی کے حوالے سے بڑھتی تشویش کو نمایاں کردیا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز اور فاکس نیوز کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کے حکام نے اس منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکاٹ بیسنٹ ایرانی حکومت کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

حکام نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر دھمکیوں کی نوعیت اور اس فوجی اڈے کا مقام ظاہر نہیں کیا جہاں وزیر خزانہ کو منتقل کیا گیا ہے۔

یہ پیش رفت ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے تقریباً نو ماہ بعد سامنے آئی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس جنگ کو ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے ضروری قرار دیا تھا۔ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے حکام نے اکتوبر کے اختتام پر کانگریس کو بتایا تھا کہ جنگ پر اب تک 47 ارب ڈالر سے زائد خرچ ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے باعث امریکا سمیت دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں متاثر ہوئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگ کے نتیجے میں امریکی فوج کے میزائلوں کے ذخائر پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ ایران خطے سے باہر بھی امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے اپنی حکمت عملی تبدیل کر رہا ہے۔

اس حوالے سے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کش پٹیل نے 10 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ امریکی محکمہ انصاف نے ایران کے حمایت یافتہ تین افراد پر فردِ جرم عائد کی ہے۔ ان پر امریکا اور یورپ میں تقریباً 20 حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

ان افراد پر امریکا اور برطانیہ میں یہودی برادریوں اور برطانوی فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ اس فوجی اڈے پر امریکی بمبار طیارے تعینات تھے۔

اسکاٹ بیسنٹ ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے اعلیٰ عہدیدار نہیں ہیں جنہیں سیکیورٹی خدشات کے باعث فوجی اڈے پر منتقل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ بھی واشنگٹن ڈی سی میں ایک فوجی اڈے پر مقیم ہیں۔

اسی طرح سابق وزیر برائے ہوم لینڈ سیکیورٹی کرسٹی نوم اور وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر بھی ہراسانی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث فوجی رہائش گاہوں میں منتقل ہوچکے ہیں۔

امریکی اعلیٰ حکام کی سرکاری فوجی تنصیبات میں رہائش اختیار کرنے کے بعد ان کے تحفظ پر آنے والے اخراجات کا معاملہ بھی زیر بحث ہے۔ اس حوالے سے امریکی ٹیکس دہندگان پر پڑنے والے مالی بوجھ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles