جیفری ایپسٹین اسکینڈل: طاقتور افراد، وکلا اور مالیاتی اداروں کے خلاف مزید تحقیقات کا مطالبہ

امریکی قانون سازوں نے بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھیوں کے خلاف مزید فوجداری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کی ایک تفصیلی رپورٹ میں استغاثہ، مالیاتی اداروں اور بااثر شخصیات پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے برسوں تک ایپسٹین کے جرائم جاری رہنے میں کردار ادا کیا۔

ایپسٹین اسکینڈل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے بھی مسلسل سیاسی مسئلہ بنا ہوا ہے۔ ٹرمپ کئی برس تک ایپسٹین کے دوست رہے، تاہم وہ اس کے جرائم سے آگاہ ہونے کی تردید کرتے ہیں۔ تحقیقات چھپانے کے الزامات کے باعث وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد انہیں اپنے حامیوں کی جانب سے پہلی بڑی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

ریپبلکن پارٹی کے زیر قیادت ایوانِ نمائندگان کی نگرانی کمیٹی نے محکمہ انصاف پر زور دیا ہے کہ وہ اہم گواہوں سے دوبارہ پوچھ گچھ کرے اور ایپسٹین سے تعلق رکھنے والی دو نمایاں شخصیات کے خلاف الزامات کی تحقیقات آگے بڑھائے۔

ان شخصیات میں میامی بیچ کے سابق میئر فلپ لیون اور فرانسیسی معروف ہیئر اسٹائلسٹ فریڈرک فیکائی شامل ہیں۔ دونوں نے جنسی حملے کے الزامات کی تردید کی ہے۔ یہ الزامات ایپسٹین کی طویل عرصے تک معاون رہنے والی سارہ کیلن نے لگائے تھے، جنہیں کمیٹی نے جون میں وفاقی استغاثہ کے حوالے کیا تھا۔

رپورٹ میں ایپسٹین کی ایک اور دیرینہ معاون لیسلی گروف سے بھی مزید پوچھ گچھ کی سفارش کی گئی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ اس کے جرائم سے کس حد تک واقف تھیں۔ گروف کا کہنا تھا کہ انہیں کبھی شبہ نہیں ہوا کہ ایپسٹین خواتین اور کم عمر لڑکیوں کو جنسی استحصال کا نشانہ بناتا تھا، تاہم ریپبلکن تفتیش کاروں نے ان کے بیان کو ناقابلِ اعتبار قرار دیا۔

یہ سفارشات 15 ماہ تک جاری رہنے والی کانگریسی تحقیقات کے بعد سامنے آئی ہیں، جس میں ایپسٹین کے مالی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے بیانات اور سرکاری و بینکاری ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کے چیئرمین جیمز کومر نے کہا کہ ایپسٹین بااثر تعلقات اور انصاف کے نظام کی مسلسل ناکامی کے باعث برسوں تک قانون کی گرفت سے محفوظ رہا، جس سے اس کے متاثرین کو انصاف نہ مل سکا۔

رپورٹ کے مطابق 2005 کے بعد ایپسٹین کے جرائم روکے جا سکتے تھے، اگر وفاقی تحقیقاتی ادارے اور استغاثہ ابتدائی الزامات کی سنجیدگی سے پیروی کرتے۔ تاہم فلوریڈا میں استغاثہ نے 2007 میں ایک متنازع معاہدہ کیا، جس کے تحت ایپسٹین نے کم سنگین ریاستی جرائم کا اعتراف کیا اور وفاقی الزامات سے بچ گیا۔

ایپسٹین کو 18 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، تاہم اس نے صرف 13 ماہ جیل میں گزارے۔ رپورٹ کے مطابق اسے کام کے لیے جیل سے باہر جانے کی خصوصی اجازت بھی حاصل تھی، جس کے دوران بھی وہ خواتین کا استحصال کرتا رہا۔

تحقیقات میں مالیاتی اداروں پر بھی مشتبہ لین دین اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق خطرے کی علامات نظرانداز کرنے کا الزام لگایا گیا، جبکہ امریکن ایکسپریس کا خصوصی طور پر ذکر کیا گیا۔ قانون سازوں نے محکمہ خزانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جانچ کرے کہ بینک انسانی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ سے جڑی مشتبہ سرگرمیوں کی درست رپورٹنگ کر رہے تھے یا نہیں۔

رپورٹ میں محکمہ انصاف کو ایپسٹین سے متعلق دستاویزات جاری کرتے ہوئے متاثرین کی نجی معلومات افشا کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ریپبلکن تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ انہیں ٹرمپ کے ایپسٹین کے جرائم میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، جبکہ انہوں نے ڈیموکریٹس پر تحقیقات کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کیا۔

دوسری جانب کمیٹی کے اعلیٰ ڈیموکریٹ رکن رابرٹ گارسیا نے رپورٹ کو نامکمل تحقیقات کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران کوئی عوامی سماعت نہیں ہوئی اور محکمہ انصاف نے غیر قانونی طور پر 25 لاکھ سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزات روک رکھی ہیں۔

گزشتہ ہفتے وسط مدتی انتخابات میں کانگریس کا کنٹرول حاصل کرنے والے ڈیموکریٹس نے وعدہ کیا ہے کہ جنوری میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وہ ایپسٹین کے نیٹ ورک کی تحقیقات جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019 میں نیویارک کی جیل میں اس وقت مردہ پایا گیا تھا جب وہ وفاقی سطح پر انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں ٹرائل کا منتظر تھا۔ اس کی ساتھی گیلین میکسویل اس وقت 20 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles