
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔
پمز اسپتال کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اسپتال لایا گیا، جہاں ان کا عمومی طبی معائنہ کرنے کے ساتھ آنکھوں کا فالو اَپ چیک اَپ بھی کیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ماہر امراضِ چشم کی ہدایت پر عمران خان کی آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجکشن لگایا گیا۔
یہ انجکشن آنکھوں کے بعض امراض کے علاج کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ پمز کے شعبہ امراضِ چشم کی ماہر ٹیم نے انجکشن لگانے کا عمل مکمل کیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق طبی معائنے اور ضروری علاج کے بعد عمران خان کے تمام طبی اشاریے معمول کے مطابق پائے گئے اور ان کی عمومی جسمانی حالت مستحکم اور تسلی بخش قرار دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق طبی معائنے اور آنکھ کے علاج کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کرنے کے لیے ضروری کارروائی مکمل کرلی گئی۔