'میرے صدر میرے شوہر': وائٹ ہاؤس کی نئی ترجمان سے عہدہ سنبھالتے ہی غلطی سرزد ہوگئی

وائٹ ہاؤس کی نئی ترجمان کیٹی زکریا نے کیرولین لیوٹ کی جگہ اپنی پہلی پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے عہدے کا آغاز کرتے ہوئے اپنے چاروں بچوں کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے چار بچے ہیں جن میں تین لڑکے شامل ہیں اور ان کی عمریں 12، 10، 8 اور 6 سال کے درمیان ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی وجہ سے اپنے چھوٹے بچوں سے دور نہیں رہ سکتیں، اس لیے وہ انہیں اپنے ساتھ لے آئی ہیں اور واشنگٹن منتقلی کے اس خاندانی فیصلے میں ان کے شوہر کا تعاون بھی شامل ہے۔

کام اور ممتا کے درمیان توازن قائم کرنے کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کیٹی زکریا نے اپنے شوہر کا شکریہ ادا کیا، تاہم اس دوران ان کی زبان سے نادانستہ طور پر اپنے شوہر کے لیے ”صدر“ کا لفظ نکل گیا، جس پر انہوں نے فوراً اپنی اصلاح کی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ نئی ذمہ داریاں انتہائی مشکل ہوں گی، لیکن خاندان ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہے گا اور وہ اپنے بچوں کو پیشہ ورانہ زندگی کے قریب رکھنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ 2014 سے 2020 کے دوران بچوں کی پرورش کی خاطر گھر پر رہی تھیں، اس لیے بچوں کو کام کے ماحول میں لانا ان کے لیے کوئی نیا تجربہ نہیں ہے۔

کیٹی زکریا نے اپنی پیش رو کیرولین لیوٹ کے تعاون اور مشوروں کی بھی تعریف کی، جنہوں نے کام اور خاندانی زندگی کو یکجا کرنے کے حوالے سے ان کی رہنمائی کی تھی۔

واضح رہے کہ کیرولین لیوٹ نے اگست کے مہینے میں اپنے دو بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے لیے اس عہدے سے استعفا دے دیا تھا۔

کیٹی زکریا ایک پیشہ ور وکیل ہیں جو ماضی میں فاکس نیوز اور نیوز میکس جیسے چینلز پر تبصرہ نگار کے طور پر کام کرنے کے علاوہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی ترجمان اور ٹروتھ سوشل کی مالک کمپنی ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ میں کمیونیکیشنز ایڈوائزر کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles