کراچی: 5 افراد کی لاشیں ملنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے تفتیشی ٹیم تشکیل


کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن کی گلشن فلک ناز سوسائٹی میں گھر سے 5 افراد کی لاشیں ملنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ملیر پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملیر پولیس کی جانب سے معاملے کی مزید تفتیش کے لیے تشکیل دی گئی تفتیشی ٹیم میں ڈی ایس پی بن قاسم، ڈی ایس پی ملیر سٹی، انچارج آئی ٹی اور 2 ایس ایچ اوز شامل ہوں گے جب کہ تفتیشی ٹیم کی تشکیل کا نوٹیفکیشن کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہزیب کے بعض قریبی دوستوں نے حال ہی میں اس سے دوستی ختم کرلی تھی۔ پولیس ان دوستوں کے بیانات ریکارڈ کرے گی اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کرے گی کہ انہوں نے شاہزیب سے رابطہ کیوں ختم کیا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق شاہزیب بائیں ہاتھ سے لکھتا تھا۔ پولیس شاہزیب نے گھر کب اور کس سے خریدا، اس حوالے سے بھی تحقیقات کرے گی۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ پر پولیس کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے سے متعلق موبائل فونز اور پستول فرانزک معائنے کے لیے بھیجے جائیں گے۔ جمعرات کو ابتدائی میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کا امکان ہے، میڈیکل رپورٹ ملنے کے بعد نمونے کیمیائی تجزیے کے لیے بھجوائے جائیں گے۔
دوسری جانب واقعے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا جاچکا ہے، پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق شاہزیب اور صبا کی موت سر میں گولی لگنے سے ہوئی۔ دونوں کے جسموں سے گن شاٹ ریزیڈیو، کیمیکل اور ڈی این اے کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔
بعد ازاں شاہزیب کے چچا زاد بھائی علی پانچوں متوفین کی میتیں وصول کرنے کے لیے ایدھی سرد خانے پہنچے، جہاں انہوں نے تمام میتیں وصول کیں۔
کزن علی کے مطابق شاہزیب کی تقریباً 5 سے 6 سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس نے برسوں سے اپنے خاندان سے قطع تعلق کر رکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہزیب نے حالیہ دنوں میں اپنا ایک گھر فروخت کیا تھا اور وہ دوسرے گھر میں منتقل ہونے والا تھا، جس کی مالیت تقریباً ڈھائی کروڑ روپے تھی۔

شاہزیب کے کزن نے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں کہ شاہزیب نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا، واقعے کے حوالے سے جو بھی قانونی کارروائی ہوگی، وہ ضرور کریں گے۔
واقعے کا پس منظر
منگل 13 اکتوبر کے روز کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن کی گلشن فلک ناز سوسائٹی کے بلاک جے میں ایک گھر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں ملنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جن میں شاہزیب، ان کی اہلیہ صبا، ان کی بہن شمائلہ، 2 کمسن بیٹیاں ایزل اور آریا شامل تھیں۔
پولیس کے مطابق گھر کا دروازہ اندر سے بند تھا جب کہ شاہزیب اور صبا کے سروں پر گولی لگنے کے نشانات پائے گئے تھے۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک مبینہ خط بھی ملا تھا، جس میں مالی مشکلات، بے روزگاری اور رشتے داروں سے شکایات کا ذکر تھا۔ ابتدائی طور پر واقعے میں ممکنہ خودکشی کے امکان سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کی مزید تحقیقات، فرانزک رپورٹس اور میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی واقعے کے محرکات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آسکیں گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles