ریاض اور خمیس مشیط کی جانب حوثیوں کے 3 بیلسٹک میزائل تباہ: سعودی اتحاد

سعودی قیادت میں فوجی اتحاد نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق میزائلوں کے ملبے سے ریاض میں ایک کنڈرگارٹن اور طبی کلینک سمیت بعض عمارتوں کو مالی نقصان پہنچا۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق سعودی عرب کی زیرِ قیادت فوجی اتحاد نے حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے 3 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے دارالحکومت ریاض کی طرف داغے گئے 2 بیلسٹک میزائلوں کو روک کر تباہ کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک اور بیلسٹک میزائل سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر خمیس مشیط کی جانب فائر کیا گیا تھا، اسے بھی روک کر تباہ کردیا گیا۔

’الجزیرہ‘ کے مطابق سعودی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے میزائلوں کو روکنے کے بعد ان کے ملبے کے ٹکڑے گرنے سے ریاض میں متعدد عمارتوں کو مالی نقصان پہنچا۔ ایجنسی نے بتایا کہ ایک کنڈرگارٹن اور طبی کلینک بھی متاثر ہوئے ہیں۔

دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا ہے، تاہم سعودی حکام کی جانب سے اس دعوے کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔

سعودی قیادت میں اتحادی افواج کی جانب سے ریاض اور خمیس مشیط کی طرف داغے گئے میزائلوں کو روکنے اور تباہ کرنے کی اطلاع ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف اہداف کو نشانہ بنانے کے دعوے کیے جارہے ہیں۔

سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ 6 اور 7 اکتوبر کو سعودی عرب کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 2 الگ الگ حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں مراکش اور الجزائر سے تعلق رکھنے والی 2 خواتین جاں بحق ہوئیں جب کہ 28 افراد زخمی ہوئے تھے جب کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں ایک سوڈانی شخص جان کی بازی ہار گیا تھا اور 8 افراد زخمی ہوئے، جن میں 5 سعودی، 2 مصری اور پاکستانی شہری شامل تھے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles