پاکستان میں سونے کو پھر پر لگ گئے، قیمت میں سینکڑوں روپے کا اضافہ

پاکستان میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سونے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جہاں فی تولہ 600 روپے اور 10 گرام سونا 515 روپے مہنگا کردیا گیا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جمعرات کے روز پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کے دام بڑھ گئے ہیں۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ملک بھر 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 600 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 35 ہزار 036 روپے کی سطح پر آ گیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 515 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 72 ہزار 973 روپے مقرر ہوگئی۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، عالمی سطح پر سونے کی قیمت 06 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 125 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان میں چاندی کی قیمت میں آج بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 120 روپے کم ہوکر 6 ہزار 368 روپے پر آگئی جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 103 روپے کی کمی سے 5 ہزار 459 روپے کی سطح پر آگئی جب کہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 58.90 ڈالر پر آگئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 3,100 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 2658 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 34 ہزار 436 روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 72 ہزار 458 روپے ہوگئی تھی۔

عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔

عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles