
ایران نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ 2026 فیفا ورلڈ کپ میں ایرانی قومی فٹ بال ٹیم کی بلا رکاوٹ شرکت یقینی بنائے۔ تہران نے واضح کیا ہے کہ امریکی ویزا مسائل کے باعث ٹیم کا تربیتی کیمپ امریکا کے بجائے میکسیکو منتقل کیا گیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا، 2026 فیفا ورلڈ کپ کے شریک میزبان کی حیثیت سے ایرانی قومی فٹ بال ٹیم کی بغیر کسی رکاوٹ شرکت کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کا پابند ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق اسماعیل بقائی نے پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ اگرچہ ٹورنامنٹ کے انتظامی معاملات میں فیفا بنیادی ادارہ ہے، تاہم امریکا بھی شریک میزبان ہونے کے باعث اہم ذمہ داری رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی ٹیم کی امریکا آمد مکمل طور پر کھیلوں کے مقاصد کے تحت اور فیفا قوانین کے مطابق ہوگی، اس لیے کسی قسم کی رکاوٹ یا امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بیان ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا جن میں کہا گیا تھا کہ ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے امریکی ویزا کے حصول میں بار بار مشکلات کے باعث قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ امریکا کے بجائے میکسیکو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق تربیتی کیمپ کی منتقلی کا فیصلہ فیفا، میکسیکن فٹ بال فیڈریشن اور متعلقہ امریکی حکام سے مشاورت کے بعد کیا گیا تاکہ ممکنہ رکاوٹوں کو پہلے ہی دور کیا جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی فٹ بال کے اصولوں کے مطابق تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ ایرانی ٹیم کو عالمی مقابلوں میں شرکت کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔