بلوچستان میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری سمیت بڑی پابندیاں عائد


بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر حکومت نے تیس روز تک دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، ڈبل سواری اور 4 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد کردی ہے۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت 30 روز تک اسلحے کی نمائش، ڈبل سواری، کالے شیشوں والی گاڑیوں اور غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

اسی طرح 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوسوں اور دھرنوں پر بھی ایک ماہ کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے پر بھی پابندی ہو گی جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر صوبائی معاون وزیر داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے کسی بھی ممکنہ کارروائی سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہیں، کالعدم تنظیموں کی جانب سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا ایڈونچر کا سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

بابر یوسفزئی نے کہا کہ تمام سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں جب کہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اقدامات حالیہ سیکیورٹی صورت حال اور پولیس موبائلز پر ہونے والے حملوں کے بعد کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles