لاہور میں اسکول کی چھت گر گئی، ایک بچہ جاں بحق، 4 افراد زخمی


لاہور میں سانحہ کاہنہ کے بعد ایک اور افسوس ناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک اسکول کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جب کہ 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس نے اسکول کی 6 خواتین اساتذہ کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
لاہور کے علاقے باغبان پورہ میں واقع ایک اسکول میں تعمیراتی کام کے دوران عمارت کی چھت اچانک گر گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت اسکول میں سمر کیمپ جاری تھا اور بچے بھی موجود تھے جب کہ اسی دوران عمارت کی توسعیع کے سلسلے میں تعمیراتی کام بھی جاری تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت ابوبکر کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق بطے کی نعش اور زخمی ہونے والے چار افراد کو سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں 35 سالہ ندیم، 38 سالہ شکیل، 32 سالہ فیض اور 42 سالہ ندیم شامل ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اسکول میں موجود دیگر بچوں کو بحفاظت باہر نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
پولیس نے واقعے کے بعد اسکول کی 6 خواتین اساتذہ کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ اسکول انتظامیہ سے بھی واقعے کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ 30 جون کو لاہور کے علاقے کاہنہ میں بھی اسی قسم کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جب گھر میں قائم ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 معصوم بچے ملبے تلے دب کر جان کی بازی ہار گئے تھے۔
پولیس کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا جب کہ گراؤنڈ فلور پر بچے موجود تھے۔ واقعے کے بعد گھر کے مالک سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا، جن میں مالک مکان ریحان، اس کا بھائی محمد فیضان اور مستری عمیر شامل ہے۔
اس واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شہر میں قائم تمام غیر قانونی ٹیوشن سینٹرز کو فوری بند کرنے اور گھروں کو کاروباری مقصد کے لیے استعمال کرنے والوں پر بھاری جرمانے لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles