ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کی درخواست کی ہے: صدر ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا سے آبنائے ہرمز کھولنے کی درخواست کی ہے کیونکہ ان کا ملک اندرونی قیادت کے بحران سے گزر رہا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’سی این این‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ وہ شدید بحران کی صورتِ حال سے گزر رہا ہے اور جلد از جلد آبنائے ہرمز کو کھولنے کا خواہاں ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا کہ ایران نے اطلاع دی ہے کہ وہ اس وقت زوال کی کیفیت میں ہے اور اپنی قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورتِ حال کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران چاہتا ہے کہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ علاقائی تجارت اور توانائی کی ترسیل بحال ہو سکے۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ایران اس وقت اپنی اندرونی قیادت کو منظم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور ان کے خیال میں وہ اس عمل میں کامیاب ہو جائے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران اور دیگر عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔

گزشتہ روز بھی امریکی صدر نے اشارہ دیا تھا کہ وہ ایران کی جانب سے پیش کیے گئے حالیہ جنگ بندی اور مذاکراتی منصوبے کو قبول کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔

سی این این کے مطابق ایران نے ایک ایسا منصوبہ پیش کیا تھا جس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی تجویز شامل تھی، جب کہ اس کے جوہری پروگرام پر بات چیت کو بعد کے مرحلے تک مؤخر کرنے کی بات کی گئی تھی۔

یہ صورتِ حال مشرق وسطیٰ میں توانائی کی ترسیل اور عالمی تیل منڈی کے لیے انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں سے ایک ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles