
کراچی سے پکنک کیلئے کینجھر جھیل جانے والے افراد کی بس مکلی کے قریب تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے گڑھے میں جاگری۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت ابرار، ارباب، بشر، رؤف، اسد اور احسان اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تمام لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
سندھ میں خوفناک ٹریفک حادثات: کوچ الٹنے اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم سے 6 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر ریسکیو کارروائیاں جاری رہیں، جب کہ گڑھے میں گری ہوئی بس کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری طلب کر لی گئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے کا سبب تیز رفتاری بتایا جا رہا ہے۔
لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے، تاہم ان کی حالت کے بارے میں معلومات تاحال موصول نہیں ہو سکیں۔