امریکی فوجیوں کے لیے سالانہ ’ٹیسٹو سٹیرون ٹیسٹ‘ لازمی، نئی پالیسی کا اعلان

امریکا نے فوجیوں کی جسمانی صحت اور پیشہ ورانہ استعداد بہتر بنانے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرا دی ہے۔ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اعلان کیا ہے کہ 30 سال یا اس سے زائد عمر کے فوجیوں کا ہر سال ٹیسٹوسٹیرون ٹیسٹ کیا جائے گا، جب کہ ضرورت پڑنے پر انہیں علاج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اعلان کیا ہے کہ 30 سال یا اس سے زائد عمر کے فوجیوں کے لیے سالانہ ٹیسٹوسٹیرون اسکریننگ لازمی قرار دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایسے اہلکاروں کی بروقت نشاندہی کرنا ہے جن میں اس اہم ہارمون کی کمی کے باعث صحت اور کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔

پیٹ ہیگستھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ مردوں میں ٹیسٹوسٹیرون کی سطح قدرتی طور پر کم ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ یہ ہارمون جسمانی طاقت، پٹھوں کی مضبوطی، توانائی، ذہنی چستی، برداشت اور مجموعی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کی کمی کے باعث تھکاوٹ، کمزوری، توجہ میں کمی، جسمانی صلاحیت متاثر ہونے اور دیگر طبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت اگر کسی فوجی میں ٹیسٹوسٹیرون کی کمی تشخیص ہوتی ہے تو اسے ٹیسٹوسٹیرون ری پلیسمنٹ تھراپی کی پیشکش کی جائے گی۔ تاہم علاج کروانا لازمی نہیں ہوگا اور اس کا فیصلہ متعلقہ فوجی اپنی رضامندی سے کرے گا۔ 30 سال سے کم عمر اہلکار بھی اگر ضرورت محسوس کریں تو رضاکارانہ طور پر یہ ٹیسٹ کرا سکیں گے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی محکمہ صحت نے گزشتہ ماہ عمر سے متعلق ٹیسٹوسٹیرون کی کمی کے شکار افراد کے لیے ہارمون ری پلیسمنٹ تھراپی پر عائد بعض پابندیاں نرم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

دوسری جانب اس اعلان پر سیاسی حلقوں میں بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔ ڈیموکریٹ رہنماؤں نے حکومت پر دوہرا معیار اپنانے کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرانس جینڈر فوجیوں کے لیے ہارمون تھراپی پر پابندی عائد کرنے والی حکومت اب دوسرے فوجیوں کے لیے اسی نوعیت کے علاج کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

ڈیموکریٹ رکن کانگریس سمر لی اور سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ نے اس فیصلے کو ”جینڈر افارمنگ کیئر“ سے تشبیہ دیتے ہوئے حکومت کے مؤقف پر سوالات اٹھائے ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع کا مؤقف ہے کہ اس پالیسی کا مقصد فوجیوں کی جنگی تیاری، جسمانی استعداد اور مجموعی صحت کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں انجام دے سکیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles