آئی فون 18 پرو میکس کا ممکنہ وزن کتنا ہوگا؟ جان کر آپ حیران جائیں گے

دنیا کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے آنے والے فلیگ شپ اسمارٹ فون آئی فون 18 پرو میکس کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے جو موبائل فون کے شوقین افراد کے لیے خوشی اور تھوڑی پریشانی دونوں کا باعث بن سکتی ہے۔

امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس میں 5,500 ایم اے ایچ سے زائد گنجائش کی بیٹری متوقع ہے، جبکہ اس کا وزن 240 گرام تک پہنچ سکتا ہے۔ اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو یہ ایپل کی تاریخ کے سب سے بھاری آئی فونز میں شامل ہوگا۔

معروف ٹیک لیکر آئس یونیورس نے چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ ویبو پر اس راز سے پردہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی فون 18 پرو میکس میں 5,500 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دی جائے گی، لیکن اس فائدے کے بدلے صارفین کو 240 گرام وزنی اور 9 ملی میٹر چوڑا فون سنبھالنا ہوگا جو کہ کافی بھاری ہے۔

فوربز میگزین کے سینیئر رائٹر ڈیوڈ فیلن کے مطابق، 240 گرام وزن کسی بھی آئی فون کا اب تک کا سب سے زیادہ وزن ہوگا۔ اس سے پہلے سال 2021 میں آنے والا آئی فون 13 پرو میکس بھی اتنا ہی بھاری تھا۔

واضح رہے کہ موجودہ آئی فون 17 پرو میکس کا وزن 233 گرام ہے، یعنی نئے ماڈل میں تقریباً 7 گرام کا اضافہ متوقع ہے۔ اگرچہ یہ فرق معمولی محسوس ہوتا ہے، لیکن ماضی میں آئی فون 15 پرو میکس کے وزن میں کمی کو صارفین نے واضح طور پر محسوس کیا تھا، جب ایپل نے اسٹین لیس اسٹیل کے بجائے ٹائٹینیم میٹریل کا استعمال کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ریگولیٹری دستاویزات کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس میں امریکا کے لیے 5,567 ایم اے ایچ جبکہ چین میں 5,391 ایم اے ایچ کی بیٹری دیے جانے کا امکان ہے۔ چین کے ماڈل میں سم کارڈ ٹرے کی موجودگی کی وجہ سے بیٹری کی گنجائش قدرے کم ہو سکتی ہے۔

موبائل کے ماہرین نے ایک اور اہم بات سے خبردار کیا ہے کہ بڑی بیٹری ہونے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ فون اب چارجنگ کے بغیر کئی دن زیادہ چلے گا۔ ایپل ماضی میں بھی نئی اور زیادہ توانائی استعمال کرنے والی ٹیکنالوجیز کو سپورٹ کرنے کے لیے بیٹری کی گنجائش میں اضافہ کرتا رہا ہے تاکہ فون کی مجموعی بیٹری لائف برقرار رکھی جا سکے۔

فوربز کے سینئر ٹیک صحافی ڈیوڈ فیلن کے مطابق اضافی بیٹری ممکنہ طور پر ایپل کے نئے مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچرز، خصوصاً سری اے آئی، کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ”میرا اندازہ ہے کہ ایپل اس اضافی بیٹری کو فون کے استعمال کے دورانیے کو بڑھانے کے بجائے نئی اور زیادہ توانائی استعمال کرنے والی خصوصیات کے لیے مختص کرے گا۔“

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو میکس نہ صرف زیادہ بھاری بلکہ پہلے سے زیادہ موٹا بھی ہوگا۔ اگر اس کی موٹائی 9 ملی میٹر تک پہنچتی ہے تو حفاظتی کور استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فون کو ایک ہاتھ سے استعمال کرنا نسبتاً مشکل ہو سکتا ہے۔

اس کے علاوہ مارکیٹ میں یہ افواہیں بھی ہیں کہ اسی تقریب کے دوران ایپل کمپنی اپنا پہلا فولڈ ایبل فون بھی متعارف کرا سکتی ہے جسے ممکنہ طور پر ’آئس فون الٹرا‘ کا نام دیا جائےگا اور ہو سکتا ہے اس کا وزن آئی فون 18 پرو میکس سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے۔

اگرچہ ایپل نے ابھی تک آئی فون 18 پرو میکس کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم لیکس اور ریگولیٹری معلومات نے یہ اشارہ ضرور دیا ہے کہ کمپنی اس بار صارفین کو بڑی بیٹری اور جدید اے آئی فیچرز کے ساتھ ایک زیادہ طاقتور، لیکن نسبتاً بھاری اسمارٹ فون پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

ٹیکنالوجی کے دلدادہ لوگ اب بے صبری سے ستمبر کا انتظار کر رہے ہیں جب یہ فون باقاعدہ طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles