فرحان سعید نے صبا حمید کو پاکستان کی امریش پوری قرار دے دیا
صبا حمید جیسا طاقتور منفی کردار ادا کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں، فرحان سعید
پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے سینئر اداکارہ صبا حمید کی شاندار اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی “امریش پوری” قرار دے دیا۔
فرحان سعید کو حال ہی میں ایک نجی شو میں بطور مہمان مدعو کیا گیا جہاں انہوں شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اپنے مقبول ڈرامے میرے ہمسفر میں صبا حمید کے کردار پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے کی کامیابی کے بعد انہوں نے صبا حمید کے ہاتھ چومے تھے کیونکہ وہ منفی کردار اس قدر حقیقت کے قریب ہو کر ادا کرتی ہیں کہ ناظرین کردار سے نفرت کرنے لگتے ہیں۔
فرحان سعید نے کہا کہ کسی بھی ہیرو کو نمایاں بنانے کے لیے ایک مضبوط ولن کا ہونا ضروری ہے اور صبا حمید جیسا طاقتور منفی کردار ادا کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔
انہوں نے صبا حمید کو بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار امریش پوری سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی کسی بھی کردار کو یادگار بنا دیتی ہے۔
اداکار کے مطابق ڈرامے میں ہانیہ عامر کے کردار “ہالہ” کو ساس کی جانب سے دی جانے والی اذیت نے ان کے کردار “حمزہ” کو مزید مضبوط اور مقبول بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مداحوں نے حمزہ کی جدوجہد کو اسی لیے پسند کیا کیونکہ صبا حمید کا کردار نہایت خوفناک اور اثر انگیز تھا۔
فرحان سعید نے مزید انکشاف کیا کہ وہ ایک بار پھر صبا حمید کے ساتھ نئے ڈرامے میں کام کر رہے ہیں جہاں اداکارہ ایک مرتبہ پھر ان کے کردار کو جذباتی طور پر اذیت دیتی نظر آئیں گی۔