
کراچی کے علاقے محمود آباد میں گھر میں دھماکے کے بعد عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، واقعے کے وقت گھر میں موجود خاتون کے سوا تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے جب کہ امدادی اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔
کراچی میں عمارت منہدم ہونے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں محمود آباد میں ایک گھر میں دھماکے کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی اور عمارت کا ایک حصہ گر گیا تاہم دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں موجود خاتون کے سوا تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے جب کہ خاتون کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کا کام شروع کردیا۔ دوسری جانب واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع ہوگئی۔
واضح رہے کہ کراچی میں 4 روز کے دوران عمارت منہدم ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ عمارت منہدم ہونے سے 12 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے جب کہ 5 افراد لاپتا ہیں۔
محمود آباد میں پیش آنے والے واقعے میں خاتون کی تلاش، دھماکے کی نوعیت اور ممکنہ جانی و مالی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔