
راولپنڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید کمی کر دی گئی۔
راولپنڈی کی انتظامیہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں ردوبدل کا سلسلہ جاری ہے۔ انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو نئے کرایوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست مسافروں اور کاروباری طبقے تک پہنچایا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق 11 نومبر سے اب تک پیٹرول سے چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کی گئی ہے جب کہ ڈی کلاس اڈوں اور جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی سے چلنے والی ڈیزل مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں مجموعی طور پر 10 فیصد کمی کی گئی ہے۔
اسی طرح گڈز ٹرانسپورٹ کے مال برداری کے کرایوں میں بھی مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کر دی گئی ہے، جس سے سامان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ ترسیل کے اخراجات میں کمی آئے گی۔
یاد رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد راولپنڈی انتظامیہ نے 11 نومبر کو بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت مقامی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 12 فیصد، انٹر سٹی بسوں کے کرایوں میں 5 فیصد جب کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی گئی تھی۔
بعد ازاں ایندھن کی قیمتوں میں مزید کمی کے تناظر میں کرایوں میں اضافی ردوبدل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ نئی مقرر کردہ کرایہ فہرستوں پر عمل درآمد کیا جائے اور مسافر گاڑیوں میں کرایوں کی فہرست نمایاں مقامات پر آویزاں کی جائے۔
شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر مقررہ کرائے سے زائد رقم وصول کرے تو اس کے خلاف شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن 1071 جاری کی گئی ہے، جہاں شہری زائد کرایہ وصولی کی شکایت کر سکتے ہیں۔
پیٹرول اور ڈیزل کی تازہ قیمتیں
دوسری جانب وفاقی حکومت نے 27 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نئی تبدیلی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کی گئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی۔
نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 312 روپے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 346 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق 28 نومبر سے کیا گیا ہے۔