
صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات کے بعد صدر مملکت اپنا 2 روزہ دورہ لاہور مکمل کرکے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اپنے 2 روزہ دورہ لاہور کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر آصف زرداری کی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات تقریباً 35 منٹ جاری رہی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور اہم سیاسی و حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجاویز اور مجوزہ ریفرنڈم کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے صدر مملکت اور وزیر داخلہ سے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی امور پر مشاورت ہوئی۔ ملاقات کے اختتام پر صدر مملکت آصف علی زرداری وزیر داخلہ کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ صدر مملکت نے دورہ لاہور کے دوران مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں صوبوں کے قیام سمیت مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
صدر زرداری کی شادی کی تقریب میں شرکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دورہ لاہور کے دوران پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر کی صاحبزادی ثانیہ میر کی بارات کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
تقریب میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ذکا اشرف، قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، چوہدری منظور سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
بعد ازاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنا دو روزہ دورہ لاہور مکمل کیا اور لاہور اولڈ ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئے۔
بلاول بھٹو بھی اہم ملاقاتوں کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے
دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اہم سیاسی ملاقاتوں کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ان کی وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقاتوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقاتیں زرداری ہاؤس اسلام آباد میں متوقع ہیں، جن میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق تجاویز پر مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے حکومتی قیادت کے سامنے پیپلز پارٹی کے تحفظات بھی رکھے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے معاملے پر بھی بات چیت متوقع ہے کیوں کہ 11 دسمبر سے متعلق گورنر راج کی توسیع کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے مجوزہ تجاویز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت متوقع ہے۔