بھارت میں سوشل میڈیا سنسرشپ کے خلاف احتجاج، کانگریس کارکنوں پر پولیس کا دھاوا

بھارت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کے خلاف اپوزیشن جماعت کانگریس کا احتجاج شدت اختیار کرگیا۔ ریاست ہریانہ میں میٹا کے دفتر کے باہر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کیا، جبکہ کانگریس رہنماؤں نے الزام لگایا کہ کارکنوں پر گندا پانی بھی پھینکا گیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کانگریس کے یوتھ ونگ کے کارکنوں نے ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں میٹا کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ کمپنی فیس بک اور انسٹاگرام سے اپوزیشن جماعت کے رہنماؤں کے اکاؤنٹس اور پوسٹس ہٹا کر ان کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

احتجاج کے دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن چلائی۔ کانگریس کے یوتھ ونگ کے صدر ادے بھانو چِب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ پولیس نے کارکنوں پر واٹر کینن کے ذریعے گندا پانی پھینکا۔ انہوں نے اس کارروائی کو آزادی اظہار کا مطالبہ کرنے والے نوجوانوں کے خلاف حکومتی طاقت کا استعمال قرار دیا۔

ادے بھانو چِب نے میٹا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو آزادی اظہار کا مطالبہ کرنے پر اس طرح کے سلوک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ میٹا اور بی جے پی کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

رائٹرز کو ایک عینی شاہد نے بتایا پولیس نے احتجاج کے دوران کانگریس کے چند حامیوں کو حراست میں لیا، تاہم انہیں بعد میں رہا کردیا گیا۔

کانگریس کارکنوں کا الزام ہے کہ میٹا وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی کے مفادات کے تحت کام کر رہی ہے اور اپوزیشن کی آواز دبانے میں مدد دے رہی ہے۔ اس معاملے پر دونوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے اور کانگریس کا یوتھ ونگ اس سے پہلے بھی میٹا کے دفاتر کے باہر احتجاج کرچکا ہے۔

دوسری جانب میٹا کا کہنا ہے کہ وہ بھارت میں مقامی قوانین کے مطابق مواد کو محدود کرتی ہے۔ کمپنی نے احتجاج پر عوامی سطح پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم کانگریس کے ساتھ ایک بند کمرے میں ہونے والی ملاقات میں اس کے نمائندوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کمپنی تمام سیاسی جماعتوں کے معاملے میں غیر جانب دار ہے۔

کانگریس کے یوتھ ونگ نے میٹا اور بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ حکومت کے نئے قواعد کے تحت سوشل میڈیا سے مواد ہٹانے کے اختیارات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے اپوزیشن جماعتوں کی آواز متاثر ہوسکتی ہے۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں آئندہ سال ہونے والے ریاستی انتخابات سے پہلے اس کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں، کیونکہ انتخابی مہم میں فیس بک اور انسٹاگرام اہم پلیٹ فارم ہوں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles