
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس میں تبدیلیوں کے لیے 2 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ کمیٹی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اور ضیا لنجار شامل ہوں گے۔ دونوں ارکان مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے تاکہ بلدیاتی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور بہتری کے لیے تجاویز حاصل کی جا سکیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کمیٹی تمام متعلقہ فریقوں سے ملاقاتیں کرے گی اور ان کی تجاویز کی روشنی میں بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات تیار کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر کرائے جائیں گے، تاہم انتخابات سے پہلے ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نچلی سطح پر طرز حکمرانی کو بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے اور بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔
مراد علی شاہ نے سندھ کے بلدیاتی نظام کا دیگر صوبوں سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا نظام باقی صوبوں کے مقابلے میں بہتر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دو صوبوں میں بلدیاتی نظام سرے سے موجود ہی نہیں، اس لیے ایسے صوبوں کی جانب سے سندھ کے نظام پر تنقید مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں نے اپنے ادوار میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دیگر صوبوں کو بھی اپنے بلدیاتی نظام کو بہتر بنانا چاہیے۔ انہوں نے بلوچستان حکومت سے بھی درخواست کرنے کا عندیہ دیا کہ وہاں بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دیے جائیں۔
صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ اس معاملے پر صوبائی اسمبلی پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت نیا صوبہ بنانے کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کو دو تہائی اکثریت سے قرارداد منظور کرنا ہوگی اور آئین میں صوبہ بنانے کا اس کے علاوہ کوئی طریقہ درج نہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی حکومت عوام کی توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھاتی تو اس کے بارے میں فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی کا اصل پیمانہ عوامی رائے ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ریفرنڈم سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس معاملے پر ان سے کسی نے بات نہیں کی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ریفرنڈم کس مقصد کے لیے کرایا جائے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں واضح ہے کہ حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی ہے اور عوامی نمائندوں کا انتخاب عوام کرتے ہیں، لہٰذا حکومت آئین میں درج اصولوں ہی پر عمل درآمد کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2024 کے عام انتخابات پر الیکشن کمیشن نے اربوں روپے خرچ کیے تھے۔ ایسے میں کسی غیر ضروری معاملے پر دوبارہ اربوں روپے خرچ کرنے کا کیا جواز ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے فیصلوں میں اخراجات اور ضرورت کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
ایم کیو ایم کے بانی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے ملک دشمن نعرے لگائے تھے۔ تاہم، اس حوالے سے انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلدیاتی نظام میں بہتری کے لیے مشاورت اور ضروری قانون سازی کے بعد آگے بڑھے گی۔