
خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے کا ترقیاتی پروگرام تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت 443 اسکیموں پر کام کیا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 300 سے زائد منصوبوں کے ’پی سی ون‘ بھی تیار کر لیے گئے ہیں، جبکہ 90 فیصد سے زیادہ ترقیاتی منصوبے 100 یا 180 دن میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق ترقیاتی پروگرام میں امن و امان کے شعبے کے 62 منصوبے شامل ہیں، جن پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
صحت کے شعبے کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے جبکہ تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسکولوں، اسپتالوں اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی
ترقیاتی پروگرام میں اسکولوں اور اسپتالوں کی تعمیر اور بحالی کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ان اضلاع میں آب رسانی کی اسکیموں، سیوریج نظام اور نہری نظام کی بہتری کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین دانش اسکول قائم کیے جائیں گے، جبکہ 100 طلبہ کو چین میں زرعی شعبے سے متعلق اسکالرشپس دی جائیں گی۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبوں کی نگرانی کریں گے
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی ایڈیشنل چیف سیکریٹری خود کریں گے۔ انہیں ان اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں، فنڈز اور سیکیورٹی امور کے انتظامی اختیارات بھی حاصل ہیں۔
ان 12 اضلاع میں باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، اپر جنوبی وزیرستان، لوئر جنوبی وزیرستان، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔
12 اضلاع میں ایمرجنسی اور خصوصی انتظامی نظام
خیبرپختونخوا کے ان 12 اضلاع میں 11 اکتوبر کو ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ایک خصوصی انتظامی سیکریٹریٹ اور کونسل قائم کی گئی تھی، جس کے ذریعے ان اضلاع کا انتظام چلایا جا رہا ہے۔
مقامی سطح پر مشاورت اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کے لیے 48 رکنی علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل بھی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ان اضلاع سے تعلق رکھنے والے مقامی عمائدین اور نمائندے شامل ہیں۔
160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان
گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا۔
اس پیکج کی ابتدائی قسط کے طور پر 22 نومبر کو 10 ارب روپے جاری کیے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق پیکج کے تحت 12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ ان میں سات خصوصی منصوبوں کے لیے 19 ارب 27 کروڑ روپے جبکہ 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جانے ہیں۔