
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لیے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ کے اجراء کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ عوام کے تحفظ اور صحت کے نظام میں اعتماد کی بحالی کے لیے اہم قدم ہے، تاہم وفاق اور صوبوں کو مل کر عام آدمی کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔
وزیراعظم نے جمعرات کو اسلام آباد میں ادویات کی ٹریکنگ کے لیے وزارت قومی صحت خدمات کی ’’محفوظ دوا‘‘ ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات سید مصطفیٰ کمال اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی یعنی ڈریپ کے چیئرمین ڈاکٹر عبیداللہ نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر جعلی ادویات کے خلاف کارروائیوں اور نقصانات پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
Your browser does not support the video tag.
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں ماضی کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیر علاج تقریباً 100 دل کے مریض انتقال کر گئے جس کا الزام حکومت پنجاب پر عائد کیا گیا۔
وزیراعظم کے مطابق اس وقت فوری طور پر وہاں سے ادویات کے نمونے لے کر لندن، جنیوا اور پیرس بھجوائے گئے، جبکہ اس وقت کی وفاقی حکومت نے ڈریپ کے ذریعے ان ادویات کو مستند قرار دیتے ہوئے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، وزیراعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا، لیکن باہر سے رپورٹ آنے پر معلوم ہوا کہ وہ ادویات دل کے امراض کی نہیں بلکہ ملیریا کی تھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جس فیکٹری میں وہ ادویات بن رہی تھیں ہو سکتا ہے کہ ان کے علم میں بھی نہ ہو، تاہم وہ دل کے مریضوں کو دی جا رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روشنی میں ماضی سے سبق سیکھ کر خود کو عوامی خدمت کے لیے وقف کیا جائے تو ماضی کی غلطیوں کا ازالہ ممکن ہے اور یہ ایک قومی خدمت ہوگی۔
شہباز شریف نے نئی ایپ کے اجراء پر وزارت قومی صحت، ڈریپ، ڈیجیٹل اتھارٹی اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل یعنی ایس آئی ایف سی سمیت متعلقہ اداروں کو مبارکباد دی اور تعاون کرنے والی دوا ساز صنعت کے مالکان اور سی ای اوز کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ شروع میں اس حوالے سے کچھ ابہام تھا، لیکن اس سے نکل کر اٹھایا گیا قدم تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایپ ایک اچھی پیش رفت ہے، مگر اصل چیلنج ادویات کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وسائل رکھنے والا طبقہ مہنگے ترین اسپتالوں میں علاج کرا سکتا ہے، جبکہ کروڑوں افراد غربت کے باعث ادویات تک نہیں پہنچ پاتے، اس لیے قائداعظم کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کی سہولیات سب کے لیے برابر ہونی چاہئیں اور اس کے لیے وفاق اور صوبوں کو اپنے وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔
وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں محفوظ دوا منصوبہ ملک کے لیے بڑا سنگ میل اور وزیراعظم کے منصوبوں میں سب سے اہم ہے، کیونکہ ایک انسانی جان بچانا پوری انسانیت بچانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جعلی اور اصلی دوا کی پہچان کے حوالے سے عوامی اعتماد ختم ہو چکا تھا، جبکہ دوا ساز صنعت نے 92 ہزار سے زائد ادویات کا ڈیٹا حکومت کے ساتھ شیئر کیا ہے اور 700 دوا ساز کمپنیوں کا ڈیٹا قومی ڈیٹا بنک میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ڈریپ کے چیئرمین ڈاکٹر عبیداللہ نے ایپ کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ ادویات کی پیکنگ پر موجود بار کوڈ اسکین کر کے دوا کی اصلیت، قیمت اور ایکسپائری تاریخ کی تصدیق کی جا سکے گی۔
ڈاکٹر عبید اللہ کے مطابق جعلی دوا کی نشاندہی پر موبائل اسکرین سرخ جبکہ معیاری اور اصل دوا پر سبز ہو جائے گی، ایپ میں ادویات کی عدم دستیابی اور معیار سے متعلق شکایت درج کرانے کی سہولت بھی موجود ہے، مشکوک اور جعلی ادویات کی شکایات براہ راست ڈریپ کو موصول ہوں گی اور یہ ایپ اینڈرائیڈ اور ایپل ایپ اسٹور پر دستیاب ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح فیول سبسڈی سے لوگ گھر بیٹھے فائدہ اٹھا رہے ہیں، اسی طرح محفوظ دوا ایپ کی افادیت کو بھی گھر گھر پہنچانے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت آئی ٹی کے ساتھ مل کر آگاہی مہم چلائی جائے گی، جس میں وزارت صحت ایس آئی ایف سی کی مدد سے کام کو آگے بڑھائے گی۔