گوادر کا نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ پاکستان چین دوستی کی نمایاں مثال ہے، وزیراعظم


وزیراعظم شہباز شریف نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ائیرپورٹ پاکستان اور چین کی عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے، بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ایئرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے مشکور ہیں، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق امور پر اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے، گوادر ایئرپورٹ دنیا کا سب سے بڑا ہوائی جہاز اے-380 ہینڈل کر سکتا ہے، اس ایئرپورٹ سے 40 لاکھ مسافر سالانہ سفر کر سکیں گے، گوادر سے مسقط کے لیے پروازوں کا آغاز 10 جنوری سے ہو جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ چین پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے، بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ائیرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے مشکور ہیں، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
شہباز شریف انہوں نے ہدایت کی کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کے حوالے سے قابل عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے۔
وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کرنے اور ملک خصوصاً بلوچستان کے دیگر علاقوں درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا، جب کہ پاکستان کسٹمز نے بھی اس ایئرپورٹ کو نوٹیفائی کر دیا ہے، نیوگوادر ایئرپورٹ پر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سمیت بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ تعینات کیا جا چکا ہے۔
شرکا کو بتایا گیا کہ پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے کراچی اور گوادر کے لیے موجودہ فلائٹ آپریشن کے دورانیے کو جلد ہی ہفتے میں تین بار کیا جائے گا، پاکستان کی نجی ائیر لائنز کی چین، عُمان اور متحدہ عرب امارات کی ایئرلائنز سے گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نیو گوادر ایئرپورٹ پر کولڈ اسٹوریج، ویئر ہاؤسز، کوریئر سروسز کی سہولیات، کارگو شیڈز، تکنیکی گراؤنڈ سپورٹ آلات، فیول فارمز، ہوٹلز اور شاپنگ مالز کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے، ایئرپورٹ پر بینکوں کی برانچز کے قیام اور اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ سڑک رابطہ بہتر بنانے کے حوالے سے ایسٹ -بے ایکسپریس وے کا پہلا حصہ مکمل ہو چکا ہے، دوسرے حصے کی فزیبلیٹی تیار کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے انسداد پولیو ٹیم کی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے پولیوسے زیادہ متاثرہ علاقوں کے دوروں کا منظم روسٹرترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بدقسمتی سے پاکستان میں پولیوسے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو کسی طور پر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعظم سے انسداد پولیو ٹیم نے ملاقات کی، شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن بل گیٹس نے خط لکھا جس میں انہوں نے پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم اور انسداد پولیو ورکرز کی شبانہ روز محنت تعریف کی پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جارہی ہیں۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صحت کے تمام شعبوں بشمول انسداد پولیومیم کی نگرانی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں، پاکستان میں پولیوکیسز کی تعداد بڑھ رہی جس کیلئے زیادہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles