دھرنے والوں سے بات ہوگئی، کوشش ہے رات تک احتجاج ختم کرادیں، کراچی پولیس چیف


کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ دھرنے والوں سے بات ہوگئی ہے، کوشش ہے آج رات تک دھرنے ختم کرا دیں، اب تک ہم نرمی سے بات کر رہے تھے، اب جو نہیں ہٹے گا، اسے قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب بات نہیں، شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کے بعد دھرنے پر سختی کریں گے، اب تک ہم نرمی کے ساتھ بات کرتے رہے ہیں، احتجاج کے نام پر شہر کا نظام مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، سڑکیں کلیئر کرانے کے لیے افسران کو ہدایات دے دی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کراچی کےلوگوں نے 3 دن بہت بھگت لیا ہے، اب ہم سختی کریں گے، دھرنے والوں کی مہربانی ہے کہ انہوں نے بڑی شاہرائیں کھول دی ہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے جرائم پیشہ افراد سے روزانہ کی بنیاد پر ہوتے ہیں، شاہین فورس، مددگار 15 پولیس اور علاقہ پولیس کے تمام مقابلے اصل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی مقابلوں کے اکا دکا واقعات بھی سامنے آجاتے ہیں، تو ہم ایکشن لیتے ہیں، ہم مبینہ مقابلوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، 104 شہری شہید کیے گئے، تو 190 ڈاکو بھی مقابلوں میں مارے گئے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے کہا کہ کراچی میں کسی صورت ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں دینگے، شہری سال نو کی خوشی ضرور منائیں لیکن دوسروں کو پریشانی میں نہ ڈالیں، نیو ائیر پر ہوائی فائرنگ کا نہیں اقدام قتل کا پرچہ دیں گے۔
کراچی پولیس کے چیف نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ شہر قائد میں پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بہتر رہا، رواں ماہ سب سے کم گاڑیاں چھیننے یا چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ حساس تھانوں میں اچھی شہرت کے حامل ایس ایچ اوز تعینات کر رہے ہیں، ضلع ملیر اور غربی میں ٹریفک حادثات درد سر بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ بہت زیادہ ٹرک اور ڈمپر بند بھی کیے ہیں، مقدمات بھی درج کررہے ہیں، ٹرانسپورٹ عہدیداروں نے ملاقات کی، ان پر واضح کیا ہے کہ شہر میں اسپیڈ کم کریں، ورنہ سخت کارروائی جاری رہے گی۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شہر میں جرائم کا فیگر بہت تنگ کرتا ہے، اس سال موبائل فون چھپنے میں 30 فیصد کمی آئی ہے، رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 104افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles