
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مشاورت اور رابطے جاری ہیں اور نئے سال کے شروع میں نئے صوبوں کا معاملہ حل ہوجائے گا، یہ زیادہ عرصے نہیں چلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم نئے سال کے اوائل میں ہونے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی وقت نہیں دے سکتا اور میں سمجھتا ہوں کہ نئے صوبے پورے ملک میں بننے چاہییں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث کے نتائج مثبت ہوں گے اور اس معاملے کی کوئی نہ کوئی شکل جلد سامنے آجائے گی۔ اس حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آرہی ہیں اور رابطے بھی جاری ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ریفرنڈم زیادہ دور کی بات نہیں، ان شاء اللہ نئے سال کے اوائل میں ہوجائے گا تاہم وہ اس کے انعقاد کے لیے کوئی حتمی وقت نہیں دے سکتے۔ ان کے بقول نئے صوبوں کا معاملہ زیادہ عرصے تک زیر بحث نہیں رہے گا اور نئے سال کے آغاز میں اس حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مشترکہ پلیٹ فارم پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے شامل ہوگی جب کہ جن معاملات پر اختلاف ہوگا، ان پر متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ ریفرنڈم میں جو بھی سوال رکھا جائے، اس کے مقاصد واضح ہوں، آئین میں ریفرنڈم کی گنجائش موجود ہے تاہم آئینی ترمیم کے طے شدہ طریقہ کار سے کوئی انحراف نہیں کر سکتا۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ انتظامی یونٹس سے متعلق بات چیت گزشتہ چار پانچ ماہ سے جاری ہے تاہم ان کے خیال میں ابھی تک کوئی دستاویز تیار نہیں ہوئی۔ نئے صوبوں کے معاملے پر سامنے آنے والی تجاویز اور ردعمل کی روشنی میں مشترکہ دستاویز تیار کی جائے گی، جسے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دستاویز تیار ہونے کے بعد اسے شیئر کیا جائے گا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے آئینی ترمیم پر کام ضرور ہوگا اور یہ عمل ممکن بھی ہے تاہم ترمیم کی حتمی شکل وہی ہوگی جس پر تمام فریق متفق ہوں گے۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں پہلے ون یونٹ بنا اور پھر صوبے بھی بنے، اس لیے انتظامی تبدیلیوں کا عمل پہلے بھی ہوتا رہا ہے۔
18ویں ترمیم کی روح نکال دی گئی
18ویں آئینی ترمیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اس ترمیم کے ذریعے اختیارات کی منتقلی کا جو تصور پیش کیا گیا تھا، اس پر مکمل عمل نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کی منظوری پر بھنگڑے ڈالے گئے اور آج بھی اس کا کریڈٹ لیا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم نے خود ہی اس کی روح نکال دی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر 18ویں ترمیم سے انحراف نہ کیا جاتا تو آج یہ صورت حال پیدا نہ ہوتی۔ وفاق کی جانب سے دیا جانے والا پیسہ نچلی سطح پر بلدیاتی اداروں تک پہنچنا چاہیے تھا، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔
سندھ اور پنجاب کی تقسیم کی خبریں درست نہیں
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سندھ اور پنجاب کی تقسیم کی خبروں پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یہ کہنا کہ سندھ یا پنجاب کو تقسیم کیا جارہا ہے، ایک انتہائی بات ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے خیال میں نئے صوبے پورے پاکستان میں بننے چاہییں۔ ملک میں انتظامی امور چلانے کے لیے 32 ڈویژنز بھی موجود ہیں، اس لیے معاملے کو صرف سندھ یا پنجاب کی تقسیم تک محدود نہیں کرنا چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا کہ نئے صوبوں سے متعلق حتمی فیصلے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور اتفاق رائے سے کیے جائیں گے۔
بلاول سے متعلق ریمارکس پر پیپلز پارٹی کا ردعمل
دوسری جانب وزیردفاع خواجہ آصف کے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے متعلق ریمارکس پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے سخت ردعمل دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس’ پر لکھا کہ ”وفاقی وزیرِ دفاع کی جانب سے پیپلز پارٹی اور ہماری قیادت، بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں تبصروں کا یہ سلسلہ ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے ’ریڈ لائن‘ (حد) عبور کر لی ہے۔“
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جماعت کے خلاف تضحیک آمیز زبان، بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ ریمارکس، ہمارے لیے ناقابلِ قبول ہیں، یہ ہمارے لیے ایک ریڈ لائن ہے۔
یاد رہے کہ خواجہ آصف نے 19 نومبر کو پوسٹ میں کہا تھا کہ ہمیں یقین تھا کہ نئی نسل ہماری نسل سے بہتر اور زیادہ اصول پسند ہوگی، معلوم نہیں تھا کہ یہ لوگ بددیانتی کے ماہر نکلیں گے اور اتنی حیران کن تیزی سے اپنے رنگ بدلیں گے۔