حوثی باغیوں کا سعودی عرب کی بڑی آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ

یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع رابغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثیوں کے مطابق حملہ براہِ راست ہدف پر لگا، تاہم سعودی حکام نے فوری طور پر کسی حملے یا نقصان کی تصدیق نہیں کی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثیوں نے اتوار کو اعلان کیا کہ انہوں نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی رابغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائی کی ہے۔

حوثیوں کا کہنا ہے کہ حملہ براہِ راست ہدف پر لگا تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ریفائنری کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔ سعودی حکام کی جانب سے بھی فوری طور پر اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

رابغ شہر میں پیٹرو رابغ کا بڑا آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس واقع ہے، جسے سعودی آرامکو اور جاپان کی کمپنی سومیٹومو کیمیکل نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ یہ صنعتی کمپلیکس بحیرہ احمر کے ساحل پر جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں واقع ہے اور گہرے پانی کی بندرگاہ کے ذریعے تیل کی برآمدات کی سہولت بھی رکھتا ہے۔

حوثی باغی حالیہ مہینوں میں سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر متعدد حملوں کے دعوے کرچکے ہیں۔ ان میں مشرقی اور مغربی علاقوں کو ملانے والی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن، جنوبی علاقے جازان اور مشرقی صوبے میں واقع راس تنورہ کی آئل ریفائنریز کو نشانہ بنانے کے دعوے بھی شامل ہیں، تاہم سعودی حکام نے ان حملوں کی تصدیق نہیں کی۔

دوسری جانب خطے میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ وسیع تر جنگ کے دوران جولائی میں دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی کے بعد یمن میں بھی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

حوثیوں نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت سے مزید علاقے اپنے قبضے میں لینے کے ساتھ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر میزائل اور ڈرون حملوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق سعودی عرب نے بھی اپنے یمنی اتحادیوں کی حمایت میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے تیز کردیے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles