
جنوبی کوریا کے وزیرِ تعلیم چوئی کیو جِن نے امتحانات میں ’اے آئی‘ سے نقل روکنے کے لیے عجلت میں بنائے گئے قوانین کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی ’یونہاپ‘ کے مطابق وزیرِ تعلیم چوئی کیو جن نے اتوار کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ امتحان سے قبل قوانین میں اچانک تبدیلیوں کے باعث طلبہ، اساتذہ اور عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ ’وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے میرا خیال ہے کہ ہم بروقت تیاری کرنے میں ناکام رہے، امتحان مکمل ہونے کے بعد میں استعفیٰ پیش کر رہا ہوں۔‘
رپورٹ کے مطابق امتحانی نظام میں تبدیلیوں کے حامی جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے وزیرِ تعلیم کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
جنوبی کوریا میں جامعات میں داخلے کے لیے ملک گیر سطح پر منعقد ہونے والے امتحان کو ’سنیونگ‘ کہا جاتا ہے، یہ امتحان جمعرات کے روز منعقد ہوا تھا۔
اس امتحان کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ امتحان کے دوران ایک خاص طور موقع پر 40 منٹ تک پروازوں کی آمد و رفت کو روکا گیا۔ اس خاص امتحان میں طلبہ کو لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے نشر ہونے والی انگریزی ریکارڈنگ کو غور سے سن کر سوالات کے جوابات دینے ہوتے ہیں۔
امتحانی قواعد میں اچانک تبدیلی
گزشتہ برسوں کے برعکس رواں سال امتحان سے عین قبل وزارتِ تعلیم نے اے آئی کے ذریعے نقل روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات متعارف کرائے، جن میں امتحان کے دن ملک بھر میں ہنگامی الرٹس بھیجنا بھی شامل تھا۔
جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے سہ پہر تین بجے کے درمیان تین بار الرٹ جاری کیے گئے، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے تمام موبائل فونز بشمول سائلنٹ موڈ پر رکھے گئے فونز اور سیاحوں کے فونز بھی بیک وقت بج اٹھے، سوائے ان فونز کے جو بند تھے یا ایئرپلین موڈ پر تھے۔
یہ پہلا موقع تھا جب جنوبی کوریا نے امتحانی نقل پکڑنے کے لیے اپنا قومی آفات سے آگاہی کا نظام (ڈیزاسٹر الرٹ سسٹم) استعمال کیا۔
انتظامیہ کی جانب سے خفیہ کیمروں کو روکنے کے لیے امیدواروں کو اپنے کپڑوں اور جیکٹس کے بٹن ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی جب کہ چشموں کا بھی خصوصی معائنہ کیا گیا۔ ان سخت اقدامات نے ایماندار طلبہ کو بھی شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کیا۔
نئے قواعد کیوں نافذ کیے گئے؟
امتحانی ضابطوں میں اچانک تبدیلیوں کی ایک بڑی وجہ اے آئی کے ذریعے نقل کے بڑھتے ہوئے خدشات تھے۔
اس سے قبل رواں سال ٹیکس اکاؤنٹنسی کے سرکاری امتحان میں سب سے زیادہ نمبر لینے والے امیدوار نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے، اسمارٹ فون اور جنریٹیو اے آئی کی مدد سے نقل کی تھی۔
اس واقعے کے بعد حکام کو خدشہ تھا کہ امیدوار یونیورسٹی داخلہ امتحان میں بھی اسی نوعیت کے طریقے استعمال کر سکتے ہیں۔
اے آئی سے نقل کے معاملے پر تشویش اس وقت مزید بڑھ گئی جب جنوبی کوریا کے لاء امتحان میں پورے نمبر حاصل کرنے والے امیدوار پر بھی نقل کے الزامات سامنے آئے تھےم جس کے بعد جمعرات کے روز اسکی لاش ملی تھی۔ تاہم حکام نے اس کی موت اور نقل کے الزامات کے درمیان کسی تعلق کی تصدیق نہیں کی ہے۔
پارلیمان میں وزیرِ تعلیم کے بیان پر بھی تنقید
چوئی کیو جِن کو امتحان سے قبل پارلیمان میں دیے گئے ایک بیان پر بھی تنقید کا سامنا تھا۔
ایک رکنِ پارلیمان نے ان سے پوچھا تھا کہ کیا انہیں سو فیصد یقین ہے کہ اے آئی کی مدد سے کی جانے والی نقل پکڑی جا سکتی ہے؟ جس پر 72 سالہ وزیرِ تعلیم نے جواب دیا تھا، ’میرا خیال ہے کہ میں ایسا نہیں کر سکتا، کیونکہ میری عمر زیادہ ہے۔‘
جنوبی کوریا کے صدر نے وزیرِ تعلیم کی جانب سے اعلان کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ہی ان کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ ایوانِ صدر کی ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ نئے وزیرِ تعلیم کی نامزدگی کا عمل مقررہ ضابطوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔