
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا صرف ایک ہی بیٹا ہے اور وہ بلاول ہیں لہٰذا ان کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے۔
ناصر حسین شاہ نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن سے اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے ہالا آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے نئے صوبوں کا شوشہ چھوڑ دیا ہے جسے سب پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اسلام آباد گئے تو یہ تاثر دیا گیا کہ ان کا ’سافٹ ویئر اپ ڈیٹ‘ ہو گیا ہے، حالانکہ یہ بالکل بے تکی بات ہے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد کے دورے کے بعد بھی دوٹوک مؤقف اپنایا کہ سندھ کی تقسیم کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کا ایک ہی بیٹا بلاول ہے اور یہاں انہی کی بات چلے گی۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے حوالے سے جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی ریفرنڈم سے گھبراتی نہیں، تاہم جب سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کر چکی ہے تو اس کے بعد ریفرنڈم کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ اسمبلی نہیں چاہتیں کہ سندھ میں مزید صوبے بنیں، اور صوبے کے اردو بولنے والے عوام نے بھی یہی فیصلہ دیا ہے کہ سندھ کی تقسیم نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کا ایک بیٹا نئے صوبوں کے حق میں جب کہ دوسرا اس کی مخالفت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کی بحث شروع کی ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کی مخالفت کر رہے ہیں، اس لیے صدر زرداری کو چاہیے کہ وہ دونوں کو سمجھائیں۔