
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئیرمین بلال بھٹو زردای کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دلیل کا جواب دھمکی نہیں ہوتا، ہم سندھ کے شہروں کا کسی کی جاگیر نہیں بننے دیں گے۔
خال؛د مقبول صدیقی نے جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ اب محض شہری سندھ تک محدود نہیں رہا بلکہ پورے پاکستان کی ضرورت بن چکا ہے اور اس معاملے پر ملک بھر میں بات ہو رہی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی طرح صوبے بھی انتظامی اکائیاں ہیں، تاہم اب صوبے ریاست کا درجہ اختیار کرتے جا رہے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جو بات پہلے شہری سندھ میں ہوتی تھی، آج وہ پورا پاکستان کر رہا ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ جب پاکستان میں صوبوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو خونریزی کی بات کیوں ہوتی ہے؟
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دلیل کا جواب دھمکی نہیں ہوتا، آزادی دلانے والے لوگ کسی کے غلام نہیں ہیں، اس لیے مخالفین کو سنبھل کر بات کرنی چاہیے۔
سندھ کے شہری علاقوں اور انتظامی امور سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کراچی کے ڈسٹرکٹس میں آبادی کے لحاظ سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے سامنے سوال رکھا کہ آخر کراچی کے اضلاع میں کون اضافہ کرتا رہا ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ کے شہری علاقے کسی کے ہاری یا غلام نہیں ہیں، نہ ہی وہ کسی کی جاگیر ہیں اور نہ ہی انہیں کسی کی جاگیر بننے دیا جائے گا۔
خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم نے مہاجر صوبے کی نہیں بلکہ کراچی صوبے کی بات کی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان صدیوں کا فاصلہ ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستان کا مقدر جاگیردارانہ جمہوریت اور موروثی سیاست ہی ہوگا؟ اور کیا چند سو خاندان ملک کی نمائندگی کریں گے؟
اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ایک لسانی جماعت بھی قرار دیا۔