
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن چین کے شہر شینژن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق احکامات کی ترسیل کے نظام کا حصہ سمجھے جانے والے خصوصی بریف کیس کے ساتھ پہنچے ہیں۔ یہ انکشاف ایک صحافی کے سوال پر روسی وفد میں شامل فوجی اہلکار کے جواب سے ہوا، جس کے بعد اس بریف کیس کی موجودگی نے عالمی توجہ حاصل کرلی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق روسی وفد کے ہمراہ موجود ایک صحافی نے فوجی اہلکار کے ہاتھ میں سیاہ رنگ کا بیگ دیکھا تو اس سے پوچھا کہ کیا یہ جوہری بریف کیس ہے؟ اس پر اہلکار نے جواب دیا کہ جی ہاں، یہی ہے۔ فوجی اہلکار کے اس جواب سے تصدیق ہوئی کہ پیوٹن کے دورہ چین کے دوران ان کے ساتھ جوہری کمانڈ سسٹم سے منسلک خصوصی بیگ بھی موجود ہے۔
روس میں اس بریف کیس کو چیگیٹ کہا جاتا ہے۔ یہ روس کے جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کا اہم حصہ ہے، جس کے ذریعے ملک کی اعلیٰ قیادت جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق احکامات فوجی قیادت تک پہنچا سکتی ہے۔ اس میں خصوصی مواصلاتی آلات نصب ہوتے ہیں، جن کے ذریعے محفوظ رابطے کے نظام کے تحت ہدایات کی ترسیل ممکن بنائی جاتی ہے۔
یہ بریف کیس براہ راست جوہری میزائل داغنے کے لیے استعمال نہیں ہوتا بلکہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق فیصلوں اور احکامات کو فوجی کمانڈ کے مختلف درجات تک پہنچانے کے نظام کا حصہ ہے۔ روسی صدر کے اندرون اور بیرون ملک دوروں کے دوران فوجی اہلکار اسے اپنے ساتھ رکھتے ہیں تاکہ صدر کو اس اہم مواصلاتی نظام تک رسائی حاصل رہے۔
پیوٹن کے ساتھ جوہری بریف کیس کی موجودگی ایسے وقت میں سامنے آئی جب 19 نومبر کو روس، امریکا اور چین کے سربراہان کے درمیان سہ فریقی ملاقات جاری ہے۔ اس اجلاس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں عالمی سیاست اور سلامتی سے متعلق اہم امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
توقع ہے کہ تینوں رہنما یوکرین جنگ، ایران کی صورت حال، عالمی تجارت، مصنوعی ذہانت اور جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ان موضوعات کو موجودہ عالمی سیاسی صورت حال کے تناظر میں خاص اہمیت حاصل ہے، کیونکہ یوکرین جنگ اور جوہری طاقتوں کے درمیان تعلقات عالمی سلامتی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے مجوزہ ملاقات کے ایجنڈے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رہنما پہلے موجودہ بین الاقوامی معاملات، یوکرین کی صورت حال اور ممکنہ طور پر ایران سے متعلق پیش رفت پر بات کریں گے۔ تاہم، ملاقات کے دیگر موضوعات پر حتمی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔