
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے آلات پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کردی ہے۔
محکمہ داخلہ نوٹیفکیشن کے مطابق خفیہ کیمروں والی اسمارٹ عینکوں اور روزمرہ استعمال کی اشیا میں چھپائے گئے ریکارڈنگ آلات کے استعمال اور فروخت پر پابندی برقرار رہے گی۔
ان اشیا میں عینکوں، قلم اور چابی کے چھلوں میں نصب خفیہ کیمرے بھی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے تحت خفیہ ریکارڈنگ آلات کی دکانوں اور آن لائن خریدوفروخت بھی ممنوع ہوگی، تاہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے منظور شدہ ٹرمینل آلات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق خفیہ ریکارڈنگ آلات کے استعمال سے اہم تنصیبات کی سکیورٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سیکریٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری کے تحت پابندی عائد کی ہے اور صوبے بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو اس پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔