
عالمی منڈی میں جمعرات کے روز خام تیل کی قیمتیں گزشتہ سیشن میں کمی کے بعد مستحکم ہیں، کیونکہ تیل کی رسد میں اضافے کی توقعات اور امریکی شرح سود میں ممکنہ اضافے کے خدشات نے ایران جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر ہونے والے حملوں کے اثرات کو زائل کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق، کاروباری اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 17 سینٹ یا 0.18 فیصد اضافے کے ساتھ 92.12 ڈالر فی بیرل رہی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچرز 9 سینٹ یا 0.11 فیصد کمی کے ساتھ 83.17 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
گزشتہ کاروباری سیشن کے دوران برینٹ کروڈ کی قیمت میں 1.3 فیصد جبکہ امریکی خام تیل میں 3.2 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے امریکی تیل 26 اگست کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آ گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق اس کمی کی بنیادی وجہ تیل کی رسد میں اضافے کی بڑھتی ہوئی توقعات ہیں، کیونکہ آبنائے ہرمز کے ذریعے خام تیل کی ترسیل تقریباً جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال ہو چکی ہے۔
اس کے علاوہ امریکی شرح سود میں اضافے کے امکانات نے بھی تیل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے، کیونکہ شرح سود بڑھنے سے معاشی ترقی کی رفتار سست پڑنے اور تیل کی طلب میں کمی کا خدشہ پیدا ہوتا ہے، جبکہ ڈالر کی قدر مستحکم ہونے سے غیر امریکی خریداروں کے لیے تیل مہنگا ہو جاتا ہے۔
بدھ کے روز جاری ہونے والے امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کے اکتوبر اجلاس کے منٹس نے سرمایہ کاروں کی ان توقعات کو مزید تقویت دی ہے کہ مرکزی بینک مہنگائی پر قابو پانے کے لیے دسمبر میں ہونے والے اپنے اگلے اجلاس میں شرح سود بڑھا سکتا ہے۔
بروکریج فرم پی وی ایم کے تجزیہ کاروں نے 18 نومبر کے اپنے ایک نوٹ میں کہا ہے کہ تیل کی نرم قیمتیں مسلسل مہنگائی کے دباؤ سے پریشان حلقوں کے لیے کچھ ریلیف فراہم کرتی ہیں، تاہم اب سوال محض یہ نہیں رہا کہ آیا فیڈرل ریزرو دسمبر میں شرح سود بڑھائے گا یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ کتنا اضافہ کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے بقول یہ صورتحال ڈالر کو سہارا دے رہی ہے اور تیل کی منڈی میں قیمتوں کے اوپر جانے کی کسی بھی کوشش میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
دوسری جانب امریکا میں خام تیل کے ذخائر میں توقع سے کہیں زیادہ اضافے کی رپورٹ نے بھی منڈی کے رجحان کو متاثر کیا ہے۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکی خام تیل کے ذخائر 3.4 ملین بیرل اضافے کے ساتھ 417.8 ملین بیرل تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ خبر رساں ادارے رائٹرز کے ایک سروے میں تجزیہ کاروں نے ذخائر میں محض 58,000 بیرل اضافے کی توقع ظاہر کی تھی۔
تاہم ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے تناظر میں مشرق وسطیٰ سے تیل کی فراہمی کو بدستور خطرات لاحق ہیں۔
ایرانی میڈیا نے بدھ کے روز رپورٹ کیا تھا کہ ایرانی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز کے مشرق میں سفر کرنے والے تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر ناکارہ ہو گئے ہیں۔
ادھر عالمی منڈیوں کی نظریں امریکا، چین اور روس کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے سہ فریقی سربراہی اجلاس پر لگی ہوئی ہیں تاکہ امریکا ایران جنگ اور یوکرین پر روسی حملے کے مذاکرات کے ذریعے خاتمے کے امکانات کا اندازہ لگایا جا سکے، جنہوں نے عالمی تیل منڈیوں کو متاثر کر رکھا ہے۔
دریں اثنا رائٹرز نے بدھ کو صنعتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اکتوبر کے اواخر سے یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجے میں روسی آئل ریفائنریوں کی مجموعی خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت میں 45 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔