
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی متعدد کارروائیوں کے دوران 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں انجام دی گئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سب سے بڑی کارروائی ضلع جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع ٹانک میں ہونے والی ایک اور جھڑپ میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری رفتار کے ساتھ جاری رہیں گی، اور قومی ایکشن پلان کے تحت وژن عزم استحکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف یہ مہم منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔