اسلام 2035 تک دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا: امریکی تحقیقاتی ادارے کی پیش گوئی

معروف امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام 2035 تک عیسائیت کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔

پیو ریسرچ سینٹر کی جانب سے منگل 18 نومبر کو جاری ہونے والی رپورٹ میں 2020 سے 2070 تک دنیا کے مذہبی رجحانات اور مختلف مذاہب کی آبادی میں متوقع تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس تحقیق میں 201 ممالک اور خطوں کو شامل کیا گیا، جہاں دنیا کی مجموعی آبادی کا 99.98 فیصد حصہ آباد ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2020 میں دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً 2.02 ارب جبکہ عیسائیوں کی آبادی 2.27 ارب تھی۔ تاہم موجودہ رجحانات برقرار رہنے کی صورت میں 2035 تک مسلمانوں کی تعداد بڑھ کر 2.57 ارب اور عیسائیوں کی آبادی 2.52 ارب تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس طرح مسلمان دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن جائیں گے۔

تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام اور عیسائیت دونوں کی آبادی میں آئندہ کئی دہائیوں کے دوران اضافہ متوقع ہے، تاہم مسلمانوں کی آبادی نسبتاً تیزی سے بڑھے گی۔ اندازوں کے مطابق 2070 تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد 3.6 ارب سے تجاوز کر سکتی ہے، جو عالمی آبادی کا تقریباً 36 فیصد ہوگی، جبکہ عیسائیوں کی تعداد تقریباً 3 ارب تک پہنچنے کا امکان ہے۔

مسلمانوں کی آبادی میں تیزی سے اضافے کی ایک بڑی وجہ شرح پیدائش کو قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2020 سے 2025 کے دوران ایک مسلمان خاتون کے ہاں اوسطاً 3.1 بچوں کی پیدائش ہوئی، جبکہ عیسائی خواتین میں یہ شرح 2.5 بچوں کی رہی۔ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والی خواتین میں یہ اوسط 1.6 بچے تھی۔

تحقیق کے مطابق کسی نسل کی آبادی کو برقرار رکھنے کے لیے فی خاتون تقریباً 2.1 بچوں کی پیدائش ضروری سمجھی جاتی ہے۔ اس لحاظ سے مسلمانوں میں شرح پیدائش اس حد سے نمایاں طور پر زیادہ ہے، جو ان کی آبادی میں اضافے کا اہم سبب بن رہی ہے۔

پیو ریسرچ کے اندازوں کے مطابق 2020 سے 2070 کے دوران مسلمانوں کی آبادی میں پیدائش اور اموات کے فرق کی وجہ سے تقریباً 1.6 ارب افراد کا اضافہ ہوگا، جبکہ عیسائیوں کی آبادی میں اسی قدرتی اضافے کے ذریعے تقریباً 79 کروڑ 20 لاکھ افراد کا اضافہ متوقع ہے۔

پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں خاص طور پر اہم پیشگوئی کی گئی ہے۔ پیو ریسرچ کے مطابق ملک میں مسلمانوں کی آبادی 2020 کے 22 کروڑ 70 لاکھ سے بڑھ کر 2070 تک 46 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ اس اضافے کے نتیجے میں پاکستان انڈونیشیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا میں سب سے زیادہ مسلم آبادی والا ملک بن جائے گا۔

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقا کے خطے میں بھی مسلمانوں کی آبادی کا تناسب بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2070 تک اس خطے کی مجموعی آبادی میں مسلمانوں کا حصہ 95 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح ایشیا پیسیفک خطے میں 2040 تک مسلمان آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا مذہبی گروہ بن سکتے ہیں اور مذہب سے غیر وابستہ افراد کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

دوسری جانب عیسائی آبادی میں بھی اضافہ متوقع ہے، تاہم یہ اضافہ زیادہ تر ان 120 ممالک میں ہوگا جہاں 2020 میں عیسائی اکثریت میں تھے۔ رپورٹ کے مطابق ان ممالک میں عیسائیوں کی تعداد مجموعی طور پر تقریباً 63 کروڑ بڑھ سکتی ہے، جو دنیا بھر میں عیسائی آبادی کے متوقع اضافے کا 92 فیصد ہوگا۔

پیو ریسرچ سینٹر نے واضح کیا ہے کہ یہ نتائج مستقبل کی یقینی پیشگوئی نہیں بلکہ موجودہ آبادیاتی رجحانات کی بنیاد پر تیار کیے گئے اندازے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگوں، قدرتی آفات، وباؤں اور معاشی و سماجی حالات میں تبدیلی جیسے عوامل مستقبل میں مذہبی آبادی کے تناسب کو متاثر کر سکتے ہیں۔

یہ تحقیق پیو ٹیملٹن گلوبل ریلیجس فیوچرز منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد دنیا میں مذہبی تبدیلیوں اور معاشروں پر ان کے اثرات کا جائزہ لینا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles