اداکارہ حبا بخاری کے گھر بیٹی کی پیدائش
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی حبا بخاری اور آریز احمد کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
حال ہی میں معروف جوڑی حبا بخاری اور آریز احمد نے دو ماہ بعد سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی پہلی بیٹی کی آمد کا اعلان کیا۔
پوسٹ میں شیئر کردہ تصویر میں حبا بخاری اور آریز احمد کے ہاتھوں میں ان کی بیٹی کے پاؤں کی جھلک بھی دکھائی دی۔
جوڑی نے انسٹا پوسٹ میں جاتے سال کی خوبصورت یادوں کو سمیٹنے کی کوشش کی ہے اور بیٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ اس سال نے ہماری زندگیوں کو اس خوبصورت انداز میں بدل دیا ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنا واقعی ممکن نہیں، یہ آپ کا (بیٹی کا) دوسرا مہینہ ہے۔
انہوں نے بیٹی کی پیدائش پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ آپ کی موجودگی محبت کی خالص ترین شکل ہے جسے ہم نے محسوس کیا۔ اللّٰہ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں اپنی رحمت سے نوازا۔ ہمارا چھوٹا فرشتہ۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ ہماری زندگیوں میں روشنی لائی ہیں۔ ہم نے آپ کا نام آئینور رکھا ہے، جس کا مطلب ہے چاندنی، جو کہ ایک ترکش نام ہے۔
یاد رہے کہ آریز احمد اور حبا بخاری نے 2022 میں شادی کی تھی۔