
امریکا کے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن نے ایران سے متعلق سیکیورٹی خدشات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی شہریوں کو درپیش خطرات پہلے سے بڑھ گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس کے سربراہ جے کلیٹن نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کی مبینہ مہلک منصوبہ بندی کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور امریکا کے اندر اور بیرون ملک اس کے شہری پہلے سے زیادہ خطرات کی زد میں ہیں۔
’رائٹرز‘ کے مطابق جے کلیٹن نے بدھ کو امریکی ایوان نمائندگان کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کی سماعت کے دوران کہا کہ امریکا ایران کی جانب سے اپنے شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا پتا لگانے، اسے روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خطرات نمایاں طور پر بڑھ گئے ہیں اور امریکا کے اندر موجود شہریوں کے ساتھ بیرون ملک تعینات امریکی اہلکاروں کو بھی زیادہ خطرات لاحق ہیں۔
جے کلیٹن سے امریکی میڈیا میں سامنے آنے والی ان اطلاعات کے بارے میں بھی سوال کیا گیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران امریکا میں ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کرسکتا ہے۔ انہوں نے انٹیلی جنس رپورٹس یا مبینہ خطرے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
جے کلیٹن نے یہ بیان امریکی ایوان نمائندگان کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کمیٹی کی سماعت کے دوران دیا، جس کا عنوان ’’نائن الیون کے 25 سال بعد امریکا کو عالمی خطرات‘‘ تھا۔
سماعت میں وزیر ہوم لینڈ سیکیورٹی مارک وین مولن اور ایف بی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرسٹوفر رائیا بھی شریک تھے۔
ایران نے خبردار کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فروری میں ایران پر مشترکہ حملوں کے جواب میں وہ امریکی افواج اور خطے میں اس کے اتحادیوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ یہ حملے آٹھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود جاری ہیں۔
’رائٹرز‘ کے مطابق جے کلیٹن نے گزشتہ ماہ ایک یادداشت میں بھی خبردار کیا تھا کہ ایران نے امریکی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں اور امریکی شہریوں کے خلاف تہران کی مبینہ مہلک کارروائیاں منصوبہ بندی کے جدید مراحل تک پہنچ چکی ہیں۔
ادھر امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے رواں ہفتے امریکی انٹیلی جنس جائزوں کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ ایران واشنگٹن میں ڈرٹی بم کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی کرسکتا ہے۔
تاہم جے کلیٹن نے کانگریس کی سماعت میں اس رپورٹ کے حوالے سے کسی مخصوص انٹیلی جنس معلومات پر بات نہیں کی۔