امریکا اور وینزویلا کا فوجی تعاون اور سرحدی سیکیورٹی مضبوط بنانے پر اتفاق

امریکا اور وینزویلا نے فوجی تعاون اور سرحدی سیکیورٹی مضبوط بنانے پر اتفاق کرلیا۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے وینزویلا کے دورے کے دوران قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز سے ملاقات میں بتایا کہ دونوں ممالک نے مسلح افواج اور سرحدی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں صدارتی محل میرافلورس میں قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز سے ملاقات کی، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

سرکاری ٹی وی چینل وی ٹی وی پر نشر ہونے والے بیان میں پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ امریکا وینزویلا کے ساتھ دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ اس تعاون میں امریکی فوج اور محکمہ جنگ کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے وینزویلا کی فوجی صلاحیتوں کو بہتر بنانا شامل ہوگا۔

قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے فوجی تعاون کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تعاون کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بولیویئن نیشنل آرمڈ فورسز کی تربیت کو مضبوط بنانا، ان کے آپریشنل سازوسامان کو بہتر کرنا اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا فوجی اہلکاروں کے لیے انتہائی فائدہ مند ہوگا تاہم ڈیلسی روڈریگز نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد امریکا کا وینزویلا میں کردار نمایاں طور پر بڑھا ہے۔

دوسری جانب کولمبیا کے وزیر دفاع نے ایک روز قبل بتایا تھا کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ بدھ کو بوگوٹا کا دورہ کریں گے، جہاں وہ فوجی سازوسامان فراہم کرنے اور سیکیورٹی تعاون پر بات چیت کریں گے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles