ناسا کا خلائی جہاز وائجر 1 انسانی تاریخ کی نئی حد عبور کرگیا

امریکی خلائی ادارے ناسا کا خلائی جہاز وائجر 1 زمین سے ایک نوری دن کی مسافت عبور کرگیا ہے، جس کے ساتھ ہی اس نے انسانی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل قائم کردیا ہے۔ یہ کسی بھی انسان ساختہ شے کا زمین سے طے کیا گیا سب سے زیادہ فاصلہ ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق وائجر 1 بدھ کی صبح 5 بج کر 16 منٹ کے بعد زمین سے تقریباً 16 ارب میل (26 ارب کلومیٹر) دور پہنچا۔ ایک نوری دن سے مراد وہ فاصلہ ہے جسے روشنی یا ریڈیو سگنل اپنی رفتار سے 24 گھنٹوں میں طے کرتا ہے۔

وائجر 1 نے 1998 میں ناسا کے ایک اور خلائی جہاز پاینیر 10 کو پیچھے چھوڑ کر زمین سے سب سے دور موجود انسان ساختہ شے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ ناسا کے جیٹ پروپلشن لیبارٹری میں وائجر مشن کے منیجر کریم بدرالدین نے اس کامیابی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا اور ممکن ہے دوبارہ کبھی نہ ہو۔

وائجر 1 کو ستمبر 1977 میں خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ اس کا جڑواں خلائی جہاز وائجر 2 بھی تیار کیا گیا، جسے ایک ماہ بعد روانہ کیا گیا۔ دونوں خلائی جہازوں کو ابتدا میں صرف پانچ سال کے مشن کے لیے بنایا گیا تھا تاکہ مشتری اور زحل کا مطالعہ کرسکیں، تاہم ان کی مدتِ کار توقع سے تقریباً 10 گنا زیادہ بڑھ چکی ہے۔

یونیورسٹی آف آئیووا کے تحقیقی سائنس دان ولیم کرتھ کے مطابق 49 سال گزرنے کے باوجود دونوں خلائی جہازوں کا سائنسی طور پر مفید معلومات فراہم کرنا ان سائنس دانوں اور انجینئرز کی صلاحیتوں اور محنت کا ثبوت ہے جنہوں نے انہیں تیار کیا اور آج بھی ان کا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

دونوں خلائی جہاز اب بین النجمی خلا کا مطالعہ کررہے ہیں۔ وائجر 1 نے 2012 میں جبکہ وائجر 2 نے 2018 میں ہیلیوسفیئر کی حدود عبور کی تھیں۔ ہیلیوسفیئر سورج کے مقناطیسی میدان سے بننے والا ایک وسیع حفاظتی دائرہ ہے۔

زمین سے رابطے میں دو دن لگتے ہیں

ناسا اب بھی ڈیپ اسپیس نیٹ ورک کے ذریعے وائجر 1 کو ہدایات بھیج سکتا ہے اور اس سے معلومات حاصل کرسکتا ہے۔ تاہم زمین سے خلائی جہاز تک پیغام پہنچنے میں 24 گھنٹے لگتے ہیں، جب کہ اس کے جواب کو واپس زمین تک پہنچنے میں مزید 24 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔ اس طرح رابطے کے ایک مکمل سلسلے میں تقریباً دو دن لگ جاتے ہیں۔

کریم بدرالدین کے مطابق خلائی جہاز کو ہدایات بھیجنے اور اس کے جواب کا انتظار کرنے کا یہ عمل عام مواصلاتی نظام سے بالکل مختلف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنے طویل وقفے کے ساتھ کسی خلائی مشین کو چلانے کے لیے کام کرنے کا انداز بھی تبدیل کرنا پڑتا ہے۔

چند ہفتے قبل ناسا کو وائجر 1 سے دو روز تک کوئی سگنل موصول نہیں ہوا تھا، جس سے خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ شاید خلائی جہاز سے رابطہ ہمیشہ کے لیے منقطع ہوگیا ہے، تاہم 48 گھنٹے بعد رابطہ بحال ہوگیا۔

توانائی کی کمی اور ناسا کا غیر معمولی اقدام

وائجر 1 کو مسلسل فعال رکھنے میں سب سے بڑا مسئلہ اس کے توانائی کے ذخائر میں کمی ہے۔ دونوں خلائی جہازوں میں پلوٹونیم سے چلنے والے تین تھرمو الیکٹرک جنریٹر نصب ہیں، جو تابکار مادے کے ٹوٹنے سے پیدا ہونے والی حرارت کو بجلی میں تبدیل کرتے ہیں۔

خلائی جہاز کی روانگی کے وقت وائجر 1 کے جنریٹرز 470 واٹ بجلی فراہم کرتے تھے، تاہم اب یہ مقدار کم ہوکر تقریباً 210 واٹ رہ گئی ہے۔ خلائی جہاز ہر سال تقریباً 4 واٹ بجلی کھو رہا ہے۔

وائجر 1 کے 10 سائنسی آلات میں سے اب صرف دو کام کررہے ہیں۔ ان میں میگنیٹومیٹر مقناطیسی میدانوں کا تجزیہ کرتا ہے، جب کہ پلازما ویو سب سسٹم چارج شدہ ذرات کی کثافت کا مطالعہ کرتا ہے۔ خلائی جہاز اس وقت تقریباً 61 ہزار 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کررہا ہے۔

ناسا کے انجینئرز نے بجلی بچانے کے لیے رواں موسم گرما میں خلائی جہاز کے توانائی کے نظام میں بڑی تبدیلی کی۔ اس دوران زیادہ بجلی استعمال کرنے والے تین غیر سائنسی آلات بند کیے گئے اور ان کی جگہ کم بجلی استعمال کرنے والے تین دیگر آلات فعال کیے گئے۔ اس اقدام کو مشن ٹیم نے ’’بگ بینگ‘‘ کا نام دیا۔

کریم بدرالدین کے مطابق اس تبدیلی سے تقریباً 10 واٹ بجلی کی بچت ہوگی، جس سے خلائی جہاز کے مشن میں مزید ڈھائی سال کا اضافہ ممکن ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی سائنسی آلے کو بند کیے بغیر توانائی بچانا ایک بڑی کامیابی ہے۔

مشن کب تک جاری رہ سکے گا؟

ناسا کے لیے یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ وائجر 1 مزید کتنے عرصے تک کام کرسکے گا۔ مشن منیجر کے مطابق کئی دہائیوں سے اندازہ لگایا جاتا رہا ہے کہ خلائی جہاز مزید تین سے پانچ سال کام کرسکے گا، تاہم توانائی بچانے کے نئے طریقے تلاش کیے گئے تو اس مدت میں اضافہ بھی ممکن ہے۔

وائجر 1 اب گلیز 445 نامی ستارے کی سمت سفر کررہا ہے، جو زمین سے 17 نوری سال سے زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔ اندازہ ہے کہ اسے اس ستارے کے قریب ترین مقام تک پہنچنے میں تقریباً 40 ہزار سال لگیں گے، جہاں سے یہ تقریباً 1.7 نوری سال کے فاصلے سے گزرے گا۔

وائجر 2 کے 2035 میں زمین سے ایک نوری دن کے فاصلے پر پہنچنے کی توقع ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ اس وقت تک دونوں خلائی جہاز فعال اور زمین سے رابطے کے قابل رہیں گے یا نہیں۔

دونوں خلائی جہاز اپنے ساتھ گولڈن ریکارڈ بھی لے کر جارہے ہیں۔ یہ 12 انچ کی سونے کی تہہ چڑھی تانبے کی ڈسک ہے، جس میں تصاویر، قدرتی آوازیں، موسیقی، 55 زبانوں میں خیرمقدمی پیغامات اور سابق امریکی صدر جمی کارٹر سمیت اہم شخصیات کے پیغامات محفوظ ہیں۔

وائجر مشن نے مشتری اور زحل کے نئے چاند دریافت کرنے، مشتری کے چاند آئی او پر فعال آتش فشاں اور زحل کے سب سے بڑے چاند ٹائٹن کے ماحول سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔ وائجر 1 کی جانب سے 1990 میں لی گئی زمین کی مشہور تصویر ’’پیل بلیو ڈاٹ‘‘ بھی اسی مشن کا حصہ ہے، جس میں ہمارا سیارہ خلا کی وسعت میں ایک چھوٹے سے نیلے نقطے کی صورت میں دکھائی دیتا ہے۔

محققین کے مطابق دونوں خلائی جہاز بین النجمی خلا کے بارے میں براہِ راست معلومات فراہم کررہے ہیں، جو زمین سے دوربینوں کے ذریعے مشاہدہ کرنے سے مختلف اور زیادہ اہم سائنسی موقع ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles