
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کے معاملے پر اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے کہا ہے کہ سسٹم ری سیٹ پر بات کرنے کا حق صرف محسن نقوی کو حاصل نہیں بلکہ ہمیں بھی حق ہے کہ بتائیں کہ کہاں کہاں جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ نظام کی تباہی سے متعلق بحث انہوں نے شروع نہیں کی تھی بلکہ اس کا آغاز محسن نقوی نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس تناظر میں یہ سوال اٹھایا تھا کہ آخر نظام کی یہ تباہی شروع کہاں سے ہوئی؟
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی ان کے بھائی ہیں اور وہ ان کی عزت کرتے ہیں، لیکن نظام کے ری سیٹ پر رائے دینا صرف محسن نقوی کا حق نہیں، انہیں بھی یہ کہنے کا حق حاصل ہے کہ نظام میں تبدیلی کا عمل جمہوری ہونا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز پر ایک بار پھر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام پر کسی کو اعتماد نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انتخابی اصلاحات ہونی ہیں تو اس سے پہلے ریفرنڈم یا نئے انتخابات کرانے کی بات کیسے ممکن ہے؟
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی ساکھ جتنی خراب آج ہے، اتنی تاریخ میں کبھی نہیں رہی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اپوزیشن جماعتیں ہمیشہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگاتی رہی ہیں، لیکن یہ پہلی بار ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ حکومتی جماعت کے رہنما اور اس کے اتحادی بھی دھاندلی کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب کوئی بھی موجودہ نظام میں صاف اور شفاف انتخابات پر یقین کرنے کو تیار نہیں تو ایسے نظام کے تحت ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی حقیقی رائے کیسے سامنے آسکتی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام سے یہ نہیں پوچھا جا سکتا کہ پنجاب میں نیا صوبہ ہونا چاہیے یا نہیں، اسی طرح کسی دوسرے صوبے کے عوام سے سندھ میں نئے صوبے کے قیام پر رائے نہیں لی جا سکتی۔
نوٹ: یہ ابتدائی خبر ہے مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔