
برازیل نے بین الاقوامی دوستانہ فٹ بال میچ میں میزبان سنگاپور کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7-0 سے شکست دے دی۔ ونیسیئس جونیئر نے پہلے ہاف میں ہیٹ ٹرک اسکور کی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سنگاپور کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں برازیل کی جانب سے ونیسیئس جونیئر نے تین، اینڈرک، ایسٹیواؤ، ریان اور متبادل کھلاڑی ایلن نے ایک، ایک گول کیا۔
ریئل میڈرڈ کے فارورڈ ونیسیئس جونیئر نے نویں منٹ میں برونو گیمارائش کے پاس پر گول کرکے برازیل کو برتری دلائی۔
انہوں نے چھ منٹ بعد ایک اور گول کیا، جب کہ 21ویں منٹ میں ایسٹیواؤ کے کراس پر گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔
برازیل نے 31ویں منٹ میں اینڈرک کے گول کی بدولت برتری 4-0 کردی۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے فوراً بعد ایسٹیواؤ نے ایک اور گول کرکے اسکور 5-0 کردیا۔
ریان نے 65 ویں منٹ میں چھٹا گول کیا، جب کہ 74ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی ایلن نے گیند جال میں پہنچا کر برازیل کی برتری 7-0 کردی۔
برازیل نے یہ میچ جاپان کے ہاتھوں 3-2 کی شکست کے بعد کھیلا۔ جاپان کے خلاف میچ میں برازیل کے کوچ کارلو اینچلوٹی اور کپتان رافینیا کو ریڈ کارڈ دکھائے گئے تھے۔ سنگاپور کے خلاف مقابلے میں برونو گیمارائش نے ٹیم کی قیادت کی۔