
ایران نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ’ڈرٹی بم‘ یا کیمیائی ہتھیار کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق سی این این کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے واشنگٹن میں ’ڈرٹی بم‘ یا کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق دعوے بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے ایران کے ڈیموں کو میزائل اڈوں سے منسلک کرنے کے الزامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بھی منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ اور بنیادی شہری ڈھانچے پر حملوں کے لیے سکیورٹی سے متعلق جواز کی تیاری قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ سی این این میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے منصوبے تیار کر رہا ہے۔
ان دعوؤں کے مطابق ان منصوبوں میں واشنگٹن ڈی سی میں مبینہ ڈرٹی بم دھماکا یا کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ شامل ہو سکتا ہے۔
تاہم ایرانی وزارت خارجہ نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اسماعیل بقائی نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملوں کے دوران متعدد آبی ذخائر اور پانی صاف کرنے کے مراکز کو نشانہ بنایا تھا۔ ان کے مطابق متاثرہ مقامات میں صوبہ مرکزی کے علاقے خمین، خوزستان کے علاقے ہفتکل اور صوبہ ہرمزگان کے علاقے سیریک میں واقع بمانی کے آبی ذخائر شامل تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قشم جزیرے، صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقوں نیک شہر اور تیس، جبکہ جاسک کے گاؤں بنجی میں پانی صاف کرنے کی تنصیبات بھی حملوں کا نشانہ بنیں۔
ایرانی ترجمان کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں شہری آبادیوں اور رہائشی علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی یا مکمل طور پر منقطع ہوئی۔
اسماعیل بقائی نے اس دعوے کو بھی مسترد کیا کہ فوجی تنصیبات کے قریب واقع شہری بنیادی ڈھانچے کو جائز فوجی ہدف قرار دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ شہری تنصیبات اور فوجی مراکز کے جغرافیائی قربت کو ان تنصیبات پر حملے کا جواز قرار دینا نہ کوئی قابلِ اعتبار دلیل ہے اور نہ ہی اس دعوے کے حق میں ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں ایران کے آبی بنیادی ڈھانچے اور فوجی تنصیبات کے درمیان ممکنہ تعلق کا جائزہ لیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کے بعض ڈیم اور پانی کی منتقلی کے منصوبے زیرِ زمین میزائل تنصیبات کو پانی اور بجلی فراہم کرنے کے لیے تعمیر کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں متعدد ماہرین کی آرا کا حوالہ دیتے ہوئے اس امکان کا ذکر کیا گیا تھا، لیکن ان منصوبوں اور میزائل تنصیبات کے درمیان تعلق ثابت کرنے کے لیے کوئی حتمی شواہد پیش نہیں کیے گئے تھے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایسے الزامات کا مقصد شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں کو جائز ثابت کرنا اور بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جواز تراشنا ہے۔
جنیوا کنونشن کا حوالہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس معاملے پر جنیوا کنونشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیموں اور شہری انفراسٹرکچر کو جنگ میں خصوصی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔
جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 56 کے مطابق ایسی تنصیبات جن پر حملوں کے نتیجے میں خطرناک مادوں کا اخراج اور شہری آبادی کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو، ان پر حملے ممنوع ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیویارک ٹائمز اور سی این این کی جانب سے غیر حقیقی دعوے اور من گھڑت کہانیوں کا مقصد ایران پر مزید حملوں کے لیے ماحول بنانا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور وہ جانتا ہے کہ ایسی کارروائی کا جواب کس طرح سے دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس صورتحال کے نتائج صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری انسانیت کو متاثر کر سکتے ہیں۔