نئے صوبوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات: بلاول کے بیان پر حکومت کا ردعمل سامنے آگیا


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیب میں اصلاحات بھی آپ نے خود کیں اور اب اسی ادارے کو موردِ الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عوام ملک میں گڈ گورننس چاہتے ہیں۔ عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے سامنے جواب دہ حکومت ہی بنیادی ضرورت اور اصل مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں، اس لیے آج خود کو اس نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔
’نئے صوبوں پر بحث جاری رہنی چاہیے‘
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ صوبوں کے حوالے سے جاری بحث ایک اہم معاملہ ہے جسے روکا نہیں جا سکتا۔ ان کے بقول جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ اس موضوع پر بحث جاری رہنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو انہیں بنا دیا جانا چاہیے، تاہم اس معاملے پر خون بہانے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کی تجویز کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر زور زبردستی سے سندھ کی تقسیم کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا اور یہ خون خرابہ صرف ایک شہر تک محدود نہیں رہے گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کے نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، تاہم یہ عمل غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر سیاسی نظام کو نئے سرے سے درست کرنا ہے تو اس کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles