امریکا جانے والی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی، 5 افراد زخمی

امریکی فضائی کمپنی جیٹ بلیو کی پورٹو ریکو سے فلوریڈا جانے والی پرواز دورانِ سفر شدید فضائی جھٹکوں کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق جیٹ بلیو کی پرواز 1717 منگل کی صبح پورٹو ریکو کے شہر پونسے سے فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ہالی ووڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ جارہی تھی کہ دورانِ پرواز اسے شدید فضائی جھٹکوں (ٹربولنس) کا سامنا کرنا پڑا۔

براؤورڈ کاؤنٹی کے شیرف آفس کے محکمہ فائر اینڈ ریسکیو کے مطابق صبح ساڑھے 6 بجے سے کچھ دیر قبل پرواز میں سوار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر امدادی ٹیمیں ہوائی اڈے پہنچ گئیں۔

حکام کے مطابق طیارے نے صبح تقریباً 6 بج کر 58 منٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی اور اسے ہوائی اڈے کے تیسرے ٹرمینل پر منتقل کردیا گیا، جہاں امدادی اہلکار زخمیوں کی مدد کے لیے پہلے سے موجود تھے۔

فائر اینڈ ریسکیو کے عملے نے 5 ایسے افراد کی نشاندہی کی جنہیں چوٹیں آئی تھیں یا طبی معائنے کی ضرورت تھی، ان میں مسافر اور طیارے کے عملے کے ارکان شامل تھے۔

حکام کے مطابق زخمیوں نے قریبی اسپتالوں میں منتقل ہونے سے انکار کردیا جب کہ واقعے کے دوران طیارے کے ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب جیٹ بلیو ایئرلائن نے بھی پرواز میں ٹربولنس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملے نے مسافروں اور طیارے کے عملے کا معائنہ کیا جب کہ ایئرلائن کا کہنا تھا کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles