آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کا نتیجہ ہے: عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خطے کے کسی ملک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہئیں، ایران کے دفاعی اقدامات صرف جارحیت کرنے والوں کے فوجی اہداف کے خلاف ہیں۔

اسلام آباد میں 30ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں عدم تحفظ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

عباس عراقچی نے اجلاس کے انعقاد پر پاکستان اور وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی علاقائی سالمیت کے خلاف جارحیت کی مذمت اور ایرانی عوام سے اظہار یک جہتی کرنے والے ممالک کے شکر گزار ہیں۔ ای سی او کو اجتماعی اقدامات، مضبوط تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے لیے مؤثر پلیٹ فارم بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی ای سی او تعاون کے تین اہم اسٹریٹجک ستون ہونے چاہئیں۔ ایران ای سی او تجارتی معاہدے میں اصلاحات کے لیے تکنیکی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتا ہے اور رکن ممالک کو نئے اور مؤثر تجارتی معاہدے کے لیے مذاکراتی عمل میں شامل ہونا چاہیے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں پر کاربند ہے اور گزشتہ دو برس سے سفارتی روابط اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پرعزم رہا ہے، تاہم امریکا نے جارحیت، دھمکیوں، ٹارگٹ کلنگ، معاشی دباؤ اور ناکہ بندی کا راستہ اختیار کیا، جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جنگ شروع کیے جانے کے بعد ایران نے صرف ان ممالک میں موجود فوجی اڈوں اور اہداف کو نشانہ بنایا جو اس کے خلاف جارحیت میں ملوث تھے۔ ایران کے ان اقدامات کو پڑوسی ممالک کی حکومتوں یا عوام کے خلاف کارروائی نہیں سمجھنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہئیں۔ خطے میں سلامتی کے قیام کے لیے عدم جارحیت اور علاقائی مکالمے پر مبنی مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیوں نے ایرانی عوام کے اپنے حقوق کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے، جب کہ علاقائی توانائی کے تحفظ کے لیے قابل اعتماد اور پائیدار نظام تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے۔

مقبوضہ فلسطین کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے عباس عراقچی نے اسے انسانیت کے لیے شرم ناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ گزشتہ تین برس سے مکمل نسل کشی کا سامنا کر رہا ہے، وہاں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کے لیے اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرائی جائے۔

انہوں نے اسرائیلی جیلوں میں قید تقریباً 10 ہزار فلسطینیوں کی حالت زار پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles