
ایمیزون نے دنیا بھر میں فروخت ہونے والی تقریباً ہر مصنوعات کی معلومات جمع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، چاہے وہ چیز اس کے اپنے اسٹور پر دستیاب نہ ہو۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو خریداری سے متعلق تمام معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنا اور گوگل پر انحصار کم کرنا ہے۔
کمپنی کے اس منصوبے کے تحت صارفین کو مصنوعات کا موازنہ کرنے اور خریداری کا فیصلہ کرنے کے لیے دوسری ویب سائٹس پر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس منصوبے کا نام ’’ورلڈ پروڈکٹ گراف‘‘ ہے، جس کا مقصد ایمیزون کو خریداری کے لیے ایک ایسی جامع ویب سائٹ بنانا ہے جہاں صارفین کو کسی چیز کے بارے میں تحقیق کرنے کے لیے دوسرے پلیٹ فارمز پر جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ اس طرح کمپنی گوگل کی آن لائن سرچ میں برتری کو بھی چیلنج کرنا چاہتی ہے، جبکہ والمارٹ جیسے حریفوں سے مقابلہ بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔
منصوبے کے تحت مختلف برانڈز اور ریٹیلرز اپنی مصنوعات کا ڈیٹا مسلسل ایمیزون کو فراہم کریں گے، جبکہ کمپنی دیگر آن لائن اسٹورز کی ویب سائٹس سے بھی خود معلومات جمع کرے گی۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ اس عمل میں دوسری ویب سائٹس سے اجازت کس حد تک حاصل کی جائے گی۔
رائٹرز کے مطابق کوکا کولا اور دوا ساز کمپنی بائر اپنی مصنوعات کی معلومات فراہم کرنے پر آمادہ ہو چکی ہیں، جبکہ پراکٹر اینڈ گیمبل کے ساتھ بھی اس سلسلے میں آزمائشی منصوبے پر بات چیت ہوئی ہے۔
اس ڈیٹا کی مدد سے صارفین کسی ٹیبلٹ یا ویکیوم کلینر کے تازہ ترین ماڈل، مختلف رنگوں اور خصوصیات کا موازنہ کر سکیں گے۔ ایمیزون صارفین کی سابقہ خریداری اور پسند کو دیکھتے ہوئے یہ تجویز بھی دے سکے گا کہ ان کے لیے کون سی مصنوعات زیادہ موزوں ہیں۔
مورگن اسٹینلے کی 2025 کی ایک رپورٹ کے مطابق 57 فیصد آن لائن خریدار مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے گوگل کا رخ کرتے ہیں، جبکہ صرف 16 فیصد صارفین ایمیزون سے اپنی تلاش شروع کرتے ہیں۔ تاہم جب صارفین کو معلوم ہو کہ انہیں کون سی چیز خریدنی ہے تو 41 فیصد ایمیزون کو ترجیح دیتے ہیں، جبکہ گوگل کا تناسب 23 فیصد ہے۔
ایمیزون اپنے اے آئی کے شاپنگ اسسٹنٹ کو بہتر بنانے کے لیے بھی یہ ڈیٹا استعمال کرنا چاہتا ہے۔ یہ سہولت پہلے ”رفََس“ کے نام سے جانی جاتی تھی، جسے مئی 2026 میں ”الیکسا فار شاپنگ“ کا نام دیا گیا۔
منصوبے کی ابتدائی دستاویز میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ اے آئی اسسٹنٹ بعض اوقات غلط یا نامکمل معلومات فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے ہر ہفتے تقریباً 8 کروڑ 30 لاکھ سرچز کیے جانے کا ذکر بھی تھا، جنہیں انجام دینا کمپنی کے لیے مہنگا پڑتا ہے۔
تاہم ایمیزون نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ اعدادوشمار پرانے ہیں اور کمپنی کے مطابق اس کے اے آئی اسسٹنٹ کی عالمی سطح پر درستگی تقریباً 97 فیصد ہے۔ چیف ایگزیکٹو اینڈی جیسی کے مطابق گزشتہ ایک سال میں 40 کروڑ سے زیادہ افراد اس سہولت کو استعمال کر چکے ہیں۔
اس منصوبے کی ایک بڑی وجہ مصنوعی ذہانت کے ایسے نئے ٹولز بھی ہیں جو صارفین کی طرف سے خود مصنوعات تلاش کرنے اور خریداری کے کام انجام دے سکتے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق ایمیزون کے عہدیداروں کو خدشہ ہے کہ یہ اے آئی ایجنٹس صارفین کو ان آن لائن اسٹورز کی طرف بھیج سکتے ہیں جہاں مصنوعات کی معلومات زیادہ مکمل ہوں۔ دنیا بھر کی مصنوعات کا ڈیٹا جمع کرکے ایمیزون چاہتا ہے کہ ایسے اے آئی ٹولز بھی معلومات اور مصنوعات کی تلاش کے لیے اس کے پلیٹ فارم کا رخ کریں۔ اس سے کمپنی کے اشتہارات کے کاروبار کو بھی تحفظ مل سکتا ہے۔
اس حوالے سے میٹا کا اے آئی ایجنٹ ”میوز“ بھی توجہ حاصل کر رہا ہے، جس نے ستمبر میں آغاز کے بعد امریکا اور کینیڈا میں ایک کروڑ سے زیادہ صارفین حاصل کیے۔ ایمیزون نے ستمبر میں میوز کو اپنی ریٹیل ویب سائٹ تک رسائی سے روک دیا تھا، جبکہ ”پرپلیکسیٹی“ کے ساتھ بھی اسی نوعیت کا قانونی تنازع جاری ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایکس اے آئی کے اے آئی ایجنٹ گروک کو ایمیزون کی ویب سائٹ تک رسائی سے روکے جانے کی ایک پوسٹ پر ایلون مسک نے بھی ایمیزون کا مقابلہ کرنے والی کمپنی شروع کرنے کا خیال ظاہر کیا تھا۔
ایمیزون کی دستاویز میں منصوبے کے لیے یکم اکتوبر 2027 کی تاریخ بطور ہدف درج ہے اور کمپنی نے اس پر کام کے لیے اپنے ملازمین کی ذمہ داریاں بھی تبدیل کرنا شروع کر دی ہیں۔ تاہم یہ حتمی نہیں کہ منصوبہ کب شروع ہوگا یا موجودہ شکل میں متعارف بھی کرایا جائے گا۔
ایمیزون نے رائٹرز کو واضح کیا ہے کہ یہ دستاویز ابتدائی خیالات پر مشتمل ایک مسودہ ہے اور ضروری نہیں کہ یہ کمپنی کے موجودہ منصوبوں کی عکاسی کرتی ہو۔ کمپنی کے مطابق وہ اپنے پروڈکٹ کیٹلاگ کو مزید جامع اور درست بنانے کے لیے مسلسل نئی تجاویز پر کام کرتی رہتی ہے۔