اسرائیل میں دو عرب مسلم رہنما پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکرز منتخب

اسرائیل میں انتخابات کے بعد دو عرب مسلم رہنما، احمد طیبی اور ولید طہٰ پارلیمنٹ کے عبوری ڈپٹی اسپیکرز منتخب ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق کنیسٹ کی انتظامی کمیٹی نے پیر کے روز عبوری ڈپٹی اسپیکرز کی فہرست منظور کی ہے، جس میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 9 ارکان کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا ہے۔

وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے حکومتی اتحاد ’لیکوڈ‘ اور انتہائی دائیں بازو کی جماعتوں نے احمد طیبی کی تقرری کی شدید مخالفت کی اور فہرست کے خلاف ووٹ دیا۔ تاہم گادی آئزن کوٹ، یائر لاپید، نفتالی بینیٹ سمیت اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت نے اس فہرست کے حق میں ووٹ دیا۔

اسرائیلی پارلیمانی نظام میں اسپیکر اور ان کے ڈپٹی اسپیکرز مل کر ’پریزیڈیم‘ کہلاتے ہیں۔ اس باڈی کی منظوری کے بغیر پارلیمنٹ کا ہفتہ وار ایجنڈا طے نہیں ہو سکتا اور نہ ہی ایوان میں بِل پیش کیے جا سکتے ہیں۔

احمد طیبی عرب جماعت ’تعل‘ کے سربراہ ہیں۔ وہ 1999 سے کنیسٹ کے رکن ہیں اور اس سے قبل بھی ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

احمد طیبی کے علاوہ ماضی میں بھی دیگر عرب مسلمان اراکینِ کنیسٹ میں ڈپٹی اسپیکر کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ پیر کے روز احمد طیبی کے ساتھ مسلمان رکن پارلیمنٹ ولید طہٰ کو بھی ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا ہے۔

ولید طہٰ دوسری بڑی عرب جماعت ’رعام‘ کے رہنما اور 2019 سے مسلسل پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔ رعام پارٹی ابتدا میں عرب اتحاد ’جوائنٹ لسٹ‘ کا حصہ تھی تاہم بعد ازاں 2021 میں پارٹی نے اتحاد سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

عبوری ڈپٹی اسپیکرز کی منظور شدہ فہرست میں احمد طیبی اور ولید طہٰ سمیت گادی آئزن کوٹ اور بینجمن نیتن کے اتحاد میں شامل جماعتوں کے ارکان شامل ہیں۔

اسرائیل کے قانون کے مطابق تمام 9 ڈپٹی اسپیکرز پر مشتمل فہرست کے لیے ایک ہی مشترکہ ووٹ لیا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ مخالفت کے باوجود احمد طیبی اور ولید طہٰ سمیت تمام 9 اراکین منتخب ہو گئے، جن میں نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین بھی شامل ہیں۔

یہ تقرریاں اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد عمل میں آئی ہیں۔

انتخابی نتائج کے مطابق وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے سیاسی بلاک نے 120 رکنی کنیسٹ میں 53 نشستیں حاصل کیں، جبکہ گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں قائم بلاک کو 48 نشستیں ملیں۔ عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کیں۔

نیتن یاہو اور آئزن کوٹ، دونوں میں سے کوئی بھی بلاک حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستوں کی اکثریت حاصل نہیں کر سکا۔

اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے 8 نومبر کو گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی تھی۔

انہیں حکومت بنانے کے لیے ممکنہ طور پر 14 روز کی توسیع بھی دی جا سکتی ہے۔ اگر وہ اس مدت میں حکومت بنانے میں ناکام رہتے ہیں تو کنیسٹ کے کسی دوسرے رکن کو یہ ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles