
جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ کی بھرتیوں کے لیے منعقدہ قومی امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے نقل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہان نامی نوجوان نے اپریل اور جولائی میں ہونے والے امتحان کے دونوں مراحل میں سینکڑوں سوالات کے درست جوابات دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
امیدوار کے غیر معمولی نتائج کے بعد کئی ماہ سے امتحان میں نقل کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ ابتدا میں ہان نے نقل کے الزامات کو مسترد کیا تھا تاہم تازہ ویڈیو بیان میں انہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے نقل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
امیدوار نے اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر جاری ایک ویڈیو میں اعتراف کیا ہے کہ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کی محنت نہیں بلکہ الیکٹرانک آلات اور جنریٹو اے آئی کے ذریعے نقل کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے اپنے عمل پر معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سیئول پولیس کو تحریری اعتراف بھی جمع کرا چکے ہیں۔
ہان نے بتایا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے کے ذریعے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں اور انہیں اے آئی کو بھیج کر جوابات حاصل کیے۔ اس کے بقول، اس نے اپنے اسمارٹ فون پر اے آئی سے ملنے والے جوابات چیک کیے۔
امیدوار نے امتحان کے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے اور 160 سوالات میں سے صرف ایک کا جواب غلط دیا تھا۔ اس غیر معمولی نتیجے کے بعد اس پر اسمارٹ گلاسز استعمال کرکے نقل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جنہیں اس نے ابتدا میں مسترد کر دیا تھا۔
امیدوار نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ ملازمت چھوڑ کر کاروبار شروع کرنے کے بعد اسے مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ اس کے مطابق، وہ پیسہ کمانا چاہتا تھا اور اچھی ملازمت چھوڑنے کے بعد اپنے والدین کو مایوس کرنے کا احساس بھی اسے پریشان کرتا تھا۔
امیدوار کے وکیل نے کہا کہ نقل کے طریقہ کار کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی جائیں گی کیونکہ خدشہ ہے کہ پھر دوسرے امیدوار بھی اس طریقے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ کا امتحان ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ سروس آف کوریا (ایچ آر ڈی کے) نامی ادارے کے تحت منعقد ہوتا ہے۔ ادارے کے مطابق امتحان کے دوران دو نگران موجود تھے۔
ایچ آر ڈی کے کے صدر لی بیونگ ہون نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے نقل کا اعتراف کرنے والے امیدوار کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کروانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا میں 19 نومبر کو جامعات کا داخلہ امتحان منعقد ہونا ہے۔ اس امتحان کی تیاری کے لیے جنوبی کوریا کے طلبہ اپنی زندگی کے کئی سال صرف کرتے ہیں۔
جنوبی کوریا کے حکام نے حالیہ عرصے میں اسمارٹ گلاسز کے ذریعے امتحانات میں نقل روکنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
صدارتی دفتر کے مطابق حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور قومی سطح کے تمام امتحانات میں اے آئی کے ذریعے نقل کے مشتبہ واقعات کی جامع تحقیقات کی جائیں گی۔
اس سے قبل اکتوبر میں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ قومی یونیورسٹی داخلہ امتحان کے دوران اسمارٹ گلاسز سمیت ایسے آلات استعمال کرتے ہوئے پکڑے جانے والے طلبہ کے خلاف فوجداری شکایات درج کرائی جائیں گی۔